پکاسو کی سابقہ شریک حیات اور فرانسیسی مصورہ جیلو کا انتقال

بیسویں صدی کے مصور پابلو پکاسو کی سابقہ شریک حیات اور معروف فرانسیسی مصورہ فرانسواز جیلو انتقال کر گئی ہیں۔ پکاسو سے تقریباً چالیس برس چھوٹی جیلو کا انتقال نیو یارک میں ایک سو ایک برس کی عمر میں ہوا۔

<div class="paragraphs"><p>پکاسو کی سابقہ شریک حیات اور فرانسیسی مصورہ جیلو / Getty Images</p></div>

پکاسو کی سابقہ شریک حیات اور فرانسیسی مصورہ جیلو / Getty Images

user

Dw

امریکی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بدھ سات جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق فرانسواز جیلو (Françoise Gilot) کو گزشتہ کچھ عرصے سے دل اور پھیپھڑوں کے امراض کا سامنا تھا اور ان کا انتقال نیو یارک کے ایک ہسپتال میں منگل چھ جون کے روز ہوا۔

طویل عرصے تک پابلو پکاسو کی شریک حیات رہنے والی اس فرانسیسی مصورہ کی موت کی تصدیق ان کی بیٹی آؤریلیا اینگل نے بھی کر دی ہے۔ فرانسواز جیلو 1921ء میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواح میں ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہوئی تھیں اور ایک نوجوان آرٹسٹ کے طور پر انہوں نے اپنا ایک اسٹوڈیو بھی بنا لیا تھا اور اپنے بنائے ہوئے فن پاروں کی اولین نمائشوں کا اہتمام بھی کیا تھا۔


پکاسو سے پہلی ملاقات

فرانسواز جیلو کی ہسپانوی مصور پابلو پکاسو سے اولین ملاقات 1943ء میں ہوئی تھی، جب ان کی اپنی عمر تقریباﹰ 22 سال تھی اور عمر میں ان سے قریب 40 برس بڑے پکاسو تب 62 برس کے تھے اور بین الاقوامی شہرت حاصل کر چکے تھے۔ جیلو اور پکاسو ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونے کے بعد اکٹھے رہنے لگے تھے اور ان کے ہاں دو بچے بھی پیدا ہوئے تھے، جن کے نام کلود اور پالوما رکھے گئے تھے۔

فرانسواز جیلو نے شریک حیات کے طور پر 1953ء میں پکاسو سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایسی واحد خاتون تھیں، جنہوں نے بیسویں صدی کے اس عظیم ہسپانوی مصور سے قطع تعلق کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں چھوڑ دیا تھا۔ پکاسو کی زندگی سے نکل جانے کے بعد ان سے اپنے تعلق کے بارے میں جیلو نے ایک کتاب بھی لکھی تھی، جس کا عنوان ''پکاسو کے ساتھ زندگی‘‘ تھا۔


امریکہ منتقلی

فرانسواز جیلو نے پکاسو کے ساتھ اپنے تعلقات کے خاتمے کے بعد لُوک سیمون نامی ایک مصور سے باقاعدہ شادی بھی کی تھی، جو کچھ ہی عرصہ چل سکی تھی۔ جیلو اور سیمون کے ہاں ایک بیٹی بھی پیدا ہوئی تھی، جس کا نام آؤریلیا رکھا گیا تھا۔ جیلو کی موت کی تصدیق ان کی اسی بیٹی نے کی۔

لُوک سیمون سے علیحدگی کے بعد جیلو ترک وطن کر کے امریکہ کے شہر نیو یارک منتقل ہو گئی تھیں جہاں 1970ء میں انہوں نے جوناس سالک نامی طبی محقق سے شادی کر لی تھی۔ جوناس سالک کا بہت بڑا تحقیقی اعزاز یہ تھا کہ بچوں کو جسمانی طور پر معذور بنا دینے والی بیماری پولیو کے خلاف ویکسین انہوں نے ہی دریافت کی تھی۔ ان دونوں کی شادی 1995ء میں سالک کی موت تک قائم رہی تھی۔


فرانسواز جیلو نے ایک مصورہ کے طور پر اپنا کام اپنی زندگی کے آخر تک جاری رکھا اور وہ مصوری اور فنون لطیفہ کی دنیا میں بین الاقوامی سطح پر ایک مشہور و معروف شخصیت تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔