برلن میں فلمی میلے ’برلینالے‘ کا آغاز

برلن میں تہترویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 'برلینالے‘ کا آغاز فرانسیسی ڈائریکٹر فرانسوئس ازون کی فلم  'پیٹر فان کانٹ‘  سے ہوا، جو لاک ڈاؤن کے حوالے سے فلمائی گئی ہے۔

برلینالے فلمی میلے کا آغاز
برلینالے فلمی میلے کا آغاز
user

Dw

بیس فروری تک جاری رہنے والے برلینالے فیسٹیول کا شمار کینز اور وینس جیسے دنیا کے انتہائی معتبر فلمی میلوں میں ہوتا ہے۔ برلینالے کا شمار ان چند فلمی میلوں میں بھی ہوتا ہے، جو عوام کو میلے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ لیکن اس مرتبہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث کم افراد اس فیسٹیول میں شرکت کر پائیں گے۔

برلینالے میں فلموں کے شوز کے علاوہ عام طور پر منعقد کی جانے والی تقریبات کا انعقاد نہیں کیا جا رہا۔ 'پیٹر فان کانٹ‘ کے شو میں قریب آٹھ سو مہمان شرکت کریں گے۔ فیسٹیول کے مطابق یہ فلم حسد، محبت، اور مزاح پر مبنی ہے۔ اس فلم کا شمار ان اٹھارہ فلموں میں ہوتا ہے، جو اس فیسٹیول کا سب سے اہم انعام ''گولڈن بیئر‘‘ جیتنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔


ڈی ڈبلیو اکیڈمی کے 'جنریشن افریقہ پراجیکٹ‘ کی دو طویل دورانیے کی ڈاکومینٹریاں بھی برلینالے میں منتخب ہوئی ہیں اور وہ اس میلے میں ناظرین کو دکھائی جائیں گی۔

جنوبی افریقہ کی غیر سرکاری تنظیم ''سٹیپس‘‘ کے ڈان ایڈکنز نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''یہ کہانیاں افریقی براعظم کی ہیں اور ان کے ذریعے مہاجرت کے حوالے سے بیانیے کو تبدیل کرنے اور سینیما کی طاقت کے ذریعے حالیہ مسائل سے نمٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘‘


برلینالے میں مختلف دورانیے اور موضوعات پر مبنی کل چار سو فلمیں دکھائی جائیں گی۔ اس مرتبہ بھی دنیا بھر کی نامور فلمی شخصیات اس میلے میں شرکت کر رہی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔