ہیجڑوں پر تبصرہ کرنا ہیری پوٹر کی مصنفہ کو مہنگا پڑا

مقبول ناول سیریز ہیری پوٹر کی دو فین سائٹس نے مصنفہ جے کے رولنگ سے دوری اختیار کر لی ہے۔ ان کے مطابق رولنگ نے ہیجڑوں کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کیے ہیں۔

ہیجڑوں پر تبصرہ کرنا ہیری پوٹر کی مصنفہ کو مہنگا پڑ گیا
ہیجڑوں پر تبصرہ کرنا ہیری پوٹر کی مصنفہ کو مہنگا پڑ گیا
user

ڈی. ڈبلیو

ہیری پوٹر ناول سیریز کی بے پناہ مقبولیت کے تناظر میں اس کے شائقین اور قارئین کی دلچسپیوں کو برقرار رکھنے والی دو فین سائٹس 'دی لیکی کالڈرن‘ (The Leaky Cauldron) اور 'مگلنیٹ‘ (Mugglenet) نے مصنفہ جے کے رولنگ کی تصاویر یا ان کی ذاتی کامیابیوں کو شائع کرنے یا ان کی مزید تشہیر کرنے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے دوری اختیار کر لی ہے۔ ان فین سائٹس کا کہنا ہے کہ ہیری پوٹر سیریز کی مصنفہ نے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے بارے میں سخت اور تکلیف پہچانے والے کلمات ادا کیے ہیں۔

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت کی خاتون ادیب، اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر جواین رولنگ کا قلمی نام جے کے رولنگ ہے۔ تخیلاتی، مہماتی اور طلسماتی پس منظر کی حامل ناول سیریز ہیری پوٹر کے چھ ناول شائع ہوئے ہیں۔ ان کی لاکھوں جلدیں فروخت بھی ہو چکی ہیں۔ ہیری پوٹر سیریز کا پہلا ناول سن 1997 میں اور آخری یعنی چھٹا سن 2007 میں شائع ہوئے تھے۔


'دی لیکی کالڈرون‘ اور 'مگلنیٹ‘ سائٹس پر ہیری پوٹر کے شائقین کے فالوورز کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہے۔ ان ویب سائٹس نے جے کے رولنگ کے ہیجڑوں کے بارے میں ادا کیے گئے کلمات کو تعصب پر مبنی اور سخت نظریات کا قرار دیتے ہوئے ان سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ رولنگ نے اپنے مرتبے اور مقام کا نامناسب استعمال کرتے ہوئے معاشرے کے ایک کمزور طبقے کے خلاف جو کچھ بھی کہا ہے وہ یقینی طور پر ناقابلِ قبول ہے۔

ان دونوں ویب سائٹس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا موقف واضح اور صاف ہے کہ ٹرانس جینڈر عورت ایک نارمل عورت کی طرح ہے اور ان میں تخصیص غلط اور درست نہیں بلکہ ایسا کرنا ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو کمتر دکھانے یا خیال کرنے کے مترادف ہے۔ دی لیکی کالڈرون کا کہنا ہے کہ بائنری یا جوڑے دار معاشرے میں نان بائنری یا غیر جوڑے دار افراد بھی ایک ساتھ رہ سکتے ہیں اور اسی طرح ہم جنس پسندوں کو معاشرتی دھارے سے علیحدہ کرنا بھی ایک غلط متعصبانہ رویہ ہے۔


'مگل نیٹ‘ اور 'دی لیکی کالڈرون‘ نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں جے کے رولنگ کے مختلف اقدامات، خیراتی عوامل، تصاویر، بیانات اور کامیابیوں کی خبریں یا جن سے انہیں تشہیر مل سکے، ایسا مواد ویب سائٹس پر صارفین کے لیے شائع نہیں کیا جائے گا۔ دی لیکی کالڈرون نے اپنے ٹرانس جینڈر صارفین سے کہا ہے کہ وہ ویب سائٹ سے دوری اختیار کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

یہ تنازعہ گزشتہ ماہ اس وقت پیدا ہوا تھا جب جے کے رولنگ نے ٹوئٹر پر بائیولوجیکل سیکس کو موضوع بنایا۔ رولنگ کے مطابق معنی خیز زندگی کا تعلق سیکس سے ہے اور اس سے محرومی زندگی کی دلچسپیوں سے محروم کر دیتی ہے۔ ان کلمات کے سامنے آنے کے بعد رولنگ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے ٹویٹ پر کیے جانے والے تنقیدی تبصروں کے جواب میں اپنا ایک بلاگ بھی تحریر کیا۔ اس بلاگ میں انہوں نے اپنی آزادئ اظہار کا دفاع کرتے ہوئے ہم جنس پسندی کے معاملے کے ساتھ ساتھ اپنے جنسی استحصال کے واقعات سے پردہ بھی اٹھایا۔ رولنگ نے اپنے بلاگ میں جہاں ٹرانس جینڈر کے حقوق کی بات کی وہاں یہ بھی بتایا کہ ماضی میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے سرگرم افراد نےکس انداز میں ان کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی تھیں۔


ناقدین کا کہنا ہے کہ اس بلاگ کو تحریر کرنے کا مقصد سابقہ کلمات کی شدت کو زائل کرنا تھا۔ دوسری جانب ہیری پوٹر سیریز کی فلموں میں اداکاری کرنے والی دو اداکاراؤں ایما واٹسن اور ڈانیلے راڈکلف نے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے مصنفہ رولنگ کے خیالات سے دوری اختیار کرنے کا اظہار بھی کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jul 2020, 6:00 AM