اڈانی جیسی بڑی مچھلی کے معاملہ پر خاموش کیوں، کانگریس

کروز پر 'ریو پارٹی‘ کے دوران منشیات استعمال کرنے کے الزام میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی کسٹڈی ایجنسی کو سات تاریخ تک دے دی ہے۔اب اس معاملہ پر کئی طرح کے سوال کئے جا رہے ہیں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

Dw

بھارت میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل دور سمندر میں ایک کروز (بحری جہاز) پرچھاپہ مار کر وہاں ہونے والی ریو پارٹی کے دوران غیر قانونی طور پر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا جن میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان بھی شامل تھے۔ ایجنسی نے کل عدالت سے 11 تاریخ تک ان کی کسٹڈی مانگی تھی لیکن عدالت نے سات تاریخ تک یعنی تین دن کے لئے ان کی کسٹڈی ایجنسی کو دی ہے۔

آرین کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے پاس سے کسی طرح کی منشیات برآمد نہیں ہوئی ہے اور انہیں صرف واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے،''آرین نے ریو پارٹی کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں لیا تھا، ان کے نام پرکروز میں کوئی کیبن یا سیٹ ریزرو نہیں تھی۔ وہ کروز پر صرف اس لیے موجود تھے کیونکہ انہیں مدعو کیا گیا تھا۔ ان کے پاس بورڈنگ پاس بھی نہیں تھا اور ان کے پاس سے کچھ بھی نہیں ملا ہے۔ انہیں صرف بات چیت کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔"


این سی بی کا دعوی ہے کہ اس کے پاس واضح ثبوت موجود ہیں کہ منشیات کے تانے بانے بالی وڈ سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔

13گرام کوکین، 21 گرام چرس

این سی بی نے دعوی کیا کہ تلاشی کے دوران 13 گرام کوکین،21 گرا م چرس ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں اور 5 گرام ایم ڈی برآمد کی گئیں۔


شاہ رخ خان کے ساتھ بالی وڈ کا اظہار یکجہتی

آرین خان کی گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی بالی وڈ کے متعدد اداکاروں اور اہم شخصیات نے شاہ رخ خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ فلم اداکار سلمان خان شاہ رخ خان کے گھر'منّت‘ پر ان سے ملاقات کے لیے پہنچے۔

اداکارہ پوجا بھٹ نے ایک ٹوئٹ کرکے کہا،”میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں۔ حالانکہ آپ کو اس کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن میں آپ کے ساتھ ہوں۔ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔"


ادکارہ اور گلوکارہ سچیتا کرشنا مورتی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا،”فلمی ستاروں پر این سی بی کے چھاپے کے بعد جو لوگ بالی وڈ کونشانہ بنا رہے ہیں انہیں جان لینا چاہیے کہ کچھ بھی نہیں ملا ہے اور کچھ ثابت نہیں ہوگا۔ بالی وڈ میں شہرت کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔"

سیاسی رخ اختیار کرتا ہوا

مہاراشٹر میں حکمراں حلیف جماعت کانگریس نے کروز پر چھاپہ اور اس کے بعد کے واقعات کو گجرات کے مندرا بندرگاہ پر ہزاروں کلو گرام منشیات ضبط کیے جانے کے 'اصل مسئلے‘ سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔


کانگریس کے قومی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد کا کہنا تھا،”این سی بی چھوٹی مچھلیوں کو گرفتار کرنے میں کافی تیزی دکھاتی ہے لیکن جب تین ہزار کلوگرام ہیروئن اسمگل کرنے کے معاملے میں اڈانی جیسی بڑی مچھلیوں کا نام آتا ہے تو منہ بند کرلیتی ہے۔ این سی بی منشیات کے منظم دھندے کے اصل سرغنہ کو کیوں بچا رہی ہے اور کس کے حکم پر۔"

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے حکام نے گجرات کے مندرا بندرگاہ پر تقریباً 3000 کلوگرام ہیروئن کے علاوہ 37 کلوگرام کوکین اور دیگر منشیات بھی ضبط کی گئی تھی۔ اس بندرگاہ کا انتظام و انصرام وزیر اعظم مودی کے قریبی سمجھے جانے والے تاجر گوتم اڈانی کی کمپنی اڈانی گروپ کے پاس ہے۔


بالی وڈ کا منشیات سے رشتہ بڑا پرانا ہے

گزشتہ برس جب اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا معاملہ سامنے آیا تھا تو بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کی بات بھی سامنے آئی تھی۔ این سی بی نے اس سلسلے میں اداکارہ ریا چکروتی، دیپیکا پاڈوکون، راکول پریت، شروتی مودی اور فیشن ڈیزائنر سیمون کھمباٹا وغیرہ سے پوچھ گچھ کی تھی۔

بھارتی پارلیمان کی رکن، سابق اداکارہ اور امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن نے اس وقت کہا کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے پوری صنعت کی شبیہ خراب ہو سکتی ہے۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ بالی وڈ میں 99 فیصد افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں لیکن اداکارہ روینا ٹنڈن نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا،”ایک ٹوکری میں اگر چند انڈے گندے ہوں تو سب کو گندا نہیں کہا جا سکتا ہے۔"


بالی وڈ میں منشیات کے بڑے پیمانے پر استعمال کے الزامات نئے نہیں ہیں البتہ اب تک باضابطہ کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے۔حالانکہ ماضی میں کئی فلمی ستاروں کو جیل بھی جانا پڑا ہے۔ ان میں سب سے اہم نام سنجے دت کا ہے۔ سنجے دت کو منشیات کی لت سے نجات دلانے کے لیے ان کے والد سنیل دت نے طبی امداد بھی حاصل کی تھی اور 'سنجو‘ کے نام سے اس موضو ع پر ایک فلم بھی بنائی تھی۔

راج ببر اور سمیتا پاٹل کے بیٹے پرتیک ببر نے بھی قبول کیا تھا کہ انہوں نے نوعمری سے منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا۔ فیروز خان کے بیٹے فردین خان، اداکار سنجے خان کے داماد ڈی جے عقیل،اداکارہ وجے راج پر بھی منشیات استعمال کرنے کے الزامات عائد ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */