شاداب کی جگہ زاہد محمود زمبابوے دورہ کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل

زاہد محمود کے ساتھ ساتھ فخر زمان کو بھی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں عمدہ فارم کا مظاہرہ کرنے پر ٹی20 اسکواڈ کے ہمراہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اسلام آباد: دورہ جنوبی افریقہ میں زخمی ہونے والے شاداب خان کی جگہ لیگ اسپنر زاہد محمود کو زمبابوے دورہ کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ زاہد محمود کو زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن اب شاداب خان کے زخمی ہونے کے بعد انہیں تین ٹی20 میچوں کے لیے بھی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ شاداب خان جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بیٹنگ کے دوران بائیں بازو پر گیند لگنے کے باعث انجری کا شکار ہوئے تھے۔ انجری کا شکار ہونے پر شاداب خان کا ایکسرے کروایا گیا جس میں انٹرا آرٹیکلور کیمونیکیٹڈ فریکچر کی تشخیص ہوئی تھی۔ آل راؤنڈر کو چار ہفتوں کے لیے آرام دیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔


زاہد محمود کے ساتھ ساتھ فخر زمان کو بھی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں عمدہ فارم کا مظاہرہ کرنے پر ٹی20 اسکواڈ کے ہمراہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فخر زمان کو اس سے قبل ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔ ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ میں دونوں تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی- 20 میچوں کی سیریز 21 سے 25 اپریل تک ہرارے میں کھیلی جائے گی، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹیسٹ میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔