کرکٹ عالمی کپ: فائنل ہندوستان-انگلینڈ کے مابین، جنوبی افریقہ کے کپتان کی پیشین گوئی

جنوبی افریقہ کے کپتان فیف ڈوپلیسس نے پیشین گوئی کی ہے کہ عالمی کپ 2019 کا فائنل میچ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے لیے ڈوپلیسس نے دلیل بھی پیش کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

عالمی کپ 2019 کا فائنل میچ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ پیشین گوئی کی ہے اپنے آخری میچ میں آسٹریلیا کو ہرانے والے جنوبی افریقہ کے کپتان فیف ڈوپلیسس نے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی جیت سے ہندوستانی ٹیم خوش ہوگی کیونکہ ٹورنامنٹ کے پچھلے تین میچوں میں نیوزی لینڈ کے فارم میں گراوٹ آئی ہے۔

غور طلب ہے کہ آسٹریلیا کی شکست کے ساتھ ہی ہندوستان پوائنٹ ٹیبل میں سرفہرست ہو گیا اور اب سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ دوسری طرف بھلے ہی آسٹریلیا جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ہار گیا لیکن وہ پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا تھا۔ سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ میزبان انگلینڈ کے ساتھ ہونا ہے۔


ڈوپلیسس نے اپنے بیان میں کہا کہ انھیں لگتا ہے کہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دے گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ ہندوستان کو ہماری جیت سے بہت خوشی ہوئی ہوگی۔ پچھلے میچوں میں نیوزی لینڈ کی کارکردگی میں گراوٹ آئی ہے۔ اس لیے میں کہوں گا کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان فائنل ہو سکتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں ہندوسان اور آسٹریلیا نے بڑے مقابلوں میں زبردست مظاہرہ کیا ہے اور میں ان دونوں میں سے ایک ٹیم کی حمایت کروں گا۔‘‘

ہندوستان نے ہفتہ کے روز ہیڈنگلے میں سری لنکا کو سات وکٹ سے ہرا کر پوائنٹ ٹیبل میں سرفہرست مقام کے ساتھ گروپ مرحلے کو ختم کیا۔ ایک دیگر میچ میں آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 10 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے سبب آسٹریلیائی ٹیم کو دوسرے پائیدان پر رہ کر گروپ مرحلہ ختم کرنا پڑا۔


اس درمیان ہندوستان کے ’ہٹ مین‘ روہت شرما نے کہا ہے کہ آپ بھلے ہی کتنے رن بنا لیں، لیکن میچ جیتنا سب سے اہم ہے۔ روہت شرما ایک عالمی کپ میں پانچ سنچری لگانے والے دنیا کے پہلے بلے باز ہیں۔ عالمی کپ میچوں میں ان کی کل 6 سنچریاں ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب اگلا ہدف سیمی فائنل جیتنا ہے۔

دوسری طرف آسٹریلیائی کپتان ایرن فنچ نے کہا کہ انگلینڈ اچھی ٹیم ہے اور ہمارا پورا فوکس اب سیمی فائنل میچ پر ہے۔


عالمی کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں اب ہندوستان کا سامنا منگل کو مانچسٹر میں نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا۔ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا سامنا 11 جولائی کو برمنگھم میں میزبان انگلینڈ کے ساتھ ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Jul 2019, 5:10 PM