عالمی کپ 2023: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹ سے ہرایا، مشیل مارش نے بنائے طوفانی 177 رن
بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کے سامنے جیت کے لیے 307 رنوں کا ہدف رکھا تھا، اس اسکور کو آسٹریلیا نے بہ آسانی 44.4 اوورس میں محض 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

عالمی کپ 2023 میں آج آخری ڈبل ہیڈر میچ ہوا جس میں صبح کا مقابلہ آسٹریلیا و بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا۔ جب بنگلہ دیش نے 306 رنوں کا اسکور کھڑا کیا تو امید کی جا رہی تھی کہ آسٹریلیا کو ہدف حاصل کرنے میں مشقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن ٹیم نے آسانی کے ساتھ 44.4 اوورس میں محض 2 وکٹ کے نقصان پر 307 رن بنا لیا۔ اس شاندار جیت کے ساتھ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے جس سے سیمی فائنل میں مقابلہ ہوگا۔
آج ٹاس آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس نے جیتا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ میچ میں جادوئی اننگ کھیلنے والے گلین میکسویل اور تیز گیندباز اسٹارک کو آرام دیا گیا تھا، اس کے باوجود آسٹریلیائی ٹیم پورے جوش میں دکھائی دی۔ بنگلہ دیشی بلے بازوں کو شروعات ضرور اچھی ملی تھی، لیکن توحید ہردوئے (74 رن) کو چھوڑ کر کوئی بھی بلے باز اپنی اننگ کو بڑا نہیں بنا سکا۔ تنزید حسین (36 رن)، لٹن داس (36 رن)، نجم الحسن (45 رن)، محموداللہ (32 رن)، مشف الرحیم (21 رن)، مہدی حسن میراز (29 رن) کو شروعات تو ضرور اچھی ملی، لیکن یہ نصف سنچری بھی نہیں بنا سکے۔ پھر بھی ٹیم کسی طرح 50 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 306 رن بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایک بار پھر ایڈم زیمپا نے کفایتی گیندبازی کی۔ انھوں نے 10 اوورس میں 32 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ سین ایبٹ کو بھی ملے جنھوں نے 10 اوورس میں 61 رن دیے۔ مارکس اسٹوئنس نے 5 اوورس میں 45 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ مشیل مارش انتہائی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوورس میں 48 رن دیے اور کوئی وکٹ بھی نہیں لیا۔ پیٹ کمنس بھی مہنگے رہے جنھوں نے 8 اوورس میں 56 رن لٹا دیے۔ جوش ہیزل ووڈ کو بھی وکٹ نہیں ملا لیکن انھوں نے 7 اوورس میں محض 21 رن دیے۔ آج ٹریوس ہیڈ نے بھی گیندبازی کی جنھوں نے 6 اوورس میں 33 رن دیے۔
یہ بھی پڑھیں : سورت ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ، ایک شخص کی موت، متعدد زخمی
آسٹریلیا کی جب بلے بازی شروع ہوئی تو ٹریوس ہیڈ محض 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ لیکن ڈیوڈ وارنر اور مشیل مارش نے ٹیم کو ایک بہترین اور مضبوط شروعات دی۔ دونوں کے درمیان 120 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ ڈیوڈ وارنر 61 گیندوں پر 53 رن بنا کر مستفیض الرحمن کے شکار ہو گئے۔ اس کے بعد آسٹریلیا کو مزید کوئی نقصان نہیں ہوا۔ مشیل مارش نے 132 گیندوں پر تیز طرار ناٹ آؤٹ 177 رن (9 چھکے، 17 چوکے) بنا ڈالے، جس کی وجہ سے آسٹریلیا نے 32 گیندیں باقی رہتے جیت حاصل کر لی۔ اسٹیو اسمتھ نے بھی 64 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 63 رنوں کی اننگ کھیلی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے 1-1 وکٹ تسکین احمد (10 اوورس میں 61 رن) اور مستفیض الرحمن (9.4 اوورس میں 76 رن) کو ملے۔ باقی گیندباز وکٹ سے محروم رہے۔ بنگلہ دیش کے گیندبازوں نے خوب رن لٹائے، صرف مہدی حسن کفایتی رہے جنھوں نے 9 اوورس میں 38 رن دیے۔ نسیم احمد سب سے مہنگے رہے جنھوں نے 10 اوورس میں 85 رن خرچ کیے۔ مہدی حسن میراز نے بھی 6 اوورس میں 47 رن لٹا دیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
