ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ: ہندوستانی خواتین نے آئرلینڈ کو دی شکست، سیمی فائنل میں داخل

اسمرتی مندھانا (87) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے پیر کو بارش سے متاثرہ میچ میں آئرلینڈ کو پانچ رن سے شکست دے کر خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا

ہندوستانی خواتین ٹیم / ٹوئٹر / @BCCIWomen

ہندوستانی خواتین ٹیم / ٹوئٹر / @BCCIWomen

user

یو این آئی

گیکیبیرا: اسمرتی مندھانا (87) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں آئرلینڈ کو 5 رن سے شکست دے کر خواتین کے ٹی-20 ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ ہندستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ کے سامنے 155 رن کا ہدف رکھا، جس کے جواب میں آئرلینڈ نے 8.2 اووروں میں دو وکٹوں کے نقصان پر 54 رن بنائے، حالانکہ وہ ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار سے 5 رنز پیچھے رہ گیا۔

جب ہندوستان کی باقی بلے باز آئرلینڈ کی سخت بولنگ لائن اپ کے خلاف جدوجہد کر رہی تھیں تو مندھانا نے 56 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 87 رن بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گنوا دیں۔ گیبی لیوس (32 ناٹ آؤٹ) اور لورا ڈیلنی (ناٹ آؤٹ 17) نے تیز نصف سنچری شراکت مکمل کی لیکن وہ اپنی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس کے 59 کے اسکور تک نہ لے جا سکیں۔

یہ لیگ مرحلے میں ہندوستان کا آخری میچ تھا اور وہ چار میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹیبل میں سرفہرست انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف ابھی ایک اور میچ کھیلنا ہے۔ اگر انگلینڈ یہ میچ جیتتا ہے تو سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

قبل ازیں، ہندوستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد سست شروعات کی۔ اوپنر شیفالی ورما کو رن بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ مندھانا نے چھٹے اوور میں ہاتھ کھولتے ہوئے دو چوکے لگائے۔ شیفالی کی جدوجہد نویں اوور میں لورا ڈیلانی نے ختم کر دی۔ شیفالی نے آؤٹ ہونے سے پہلے 29 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 24 رن بنائے۔

آئرلینڈ کی گیند بازوں نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئیں کپتان ہرمن پریت کور کو بھی ہاتھ کھولنے کی اجازت نہیں دی۔ ہرمن پریت نے 20 گیندوں میں صرف 13 رن کا تعاون کیا۔

اس دوران مندھانا نے تیزی سے بیٹنگ کرتے ہوئے ہرمن پریت کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 52 رن کی نصف سنچری شراکت کی۔ مندھانا بھی 46 کے اسکور پر بچ گئیں جب کارا مرے کی گیند پر مڈ وکٹ پر کھڑی فیلڈر نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ اس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے مندھانا نے 14ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ ہرمن پریت کی وکٹ کے گرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر ریچا گھوش (0) ایل بی ڈبلیو ہوگئیں لیکن مندھانا نے رنوں کی رفتار کو رکنے نہیں دیا۔

ہندوستان نے مندھانا کی دھماکہ خیز بلے بازی کی بدولت آخری 5 اووروں میں 50 رن کا اضافہ کیا، حالانکہ وہ خود 19ویں اوور میں آؤٹ ہونے کی وجہ سے ٹی-20 انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری سے چوک گئیں۔ اس کے بعد جمائمہ روڈریگز (19) نے آخری اوور میں دو چوکے لگا کر ہندوستان کو 155 رن تک پہنچا دیا۔

ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی اوپنر نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر بڑی غلطی کی۔ ایمی ہنٹر کور پوائنٹ پر رینوکا سنگھ کی گیند پر کھیل کر دو رن بنانا چاہتی تھیں۔ انہوں نے کامیابی کے ساتھ پہلا رن مکمل کیا لیکن دوسرے رن سے پہلے ہچکچاہٹ کی وجہ سے وہ رن آؤٹ ہو گئیں۔ اسی اوور کی پانچویں گیند پر رینوکا نے اورلا پرینڈرگاسٹ کو صفر کے اسکور پر بولڈ کر دیا۔

تاہم بارش کی وجہ سے میچ روکے جانے سے قبل گیبی لیوس نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے۔ انہوں نے 25 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رن میں پانچ چوکے لگائے جبکہ کپتان ڈیلانی نے 20 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 17 رن جوڑے۔ دونوں نے نصف سنچری شراکت مکمل کرنے کے بعد پچ پر قدم جما لیئے لیکن بارش نے آئرلینڈ کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اس کے ساتھ ہی آئرلینڈ نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 میں ایک بھی جیت درج کیے بغیر اپنی مہم ختم کر دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔