خواتین ٹی-20 ورلڈ کپ 2026: اسمرتی مندھانا سمیت 4 کھلاڑی ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ کے لیے نامزد
اسمرتی مندھانا نے اپنی بلے بازی سے سب کو متاثر کیا۔ انہوں نے 5 مقابلوں میں 140 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلتے ہوئے 205 رنز بنائے، جس میں 2 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

آسٹریلیا کی ایلس پیری، انگلینڈ کی اوپنر ڈینی ویاٹ، ہندوستان کی اسمرتی مندھانا اور جنوبی افریقہ کی آل راؤنڈر مرزینہ کیپ کو پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی خواتین ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کے ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اپنی اپنی ٹیموں کی جانب سے کھیلتے ہوئے ان چاروں کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایلس پیری اور ڈینی ویاٹ نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا اور انگلینڈ کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب اسمرتی مندھانا کی شاندار کارکردگی کے باوجود ہندوستانی ٹیم گروپ مرحلے ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ مرزینہ کیپ نے بھی بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایلس پیری نے ایک بار پھر آئی سی سی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اب تک 6میچوں میں 46.25 کی اوسط سے 185 رنز بنائے اور گیندبازی میں بھی 4 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ آسٹریلیا کے فائنل تک ناقابل شکست سفر کے دوران پیری کو تین مرتبہ ’پلیئر آف دی میچ‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف مقابلے میں 2 وکٹ لینے کے ساتھ 19 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے خلاف 2 نصف سنچری بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ ہارے بغیر آسٹریلیا کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈینی ویاٹ خواتین ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والی بلے باز رہی ہیں۔ وہ 6 مقابلوں میں 294 رنز بنا چکی ہیں۔ ویاٹ اس ورلڈ کپ میں ایک سنچری اور 2 نصف سنچریاں بھی اسکور کر چکی ہیں۔ انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 152.33 رہا ہے۔ یوں تو ہندوستانی ٹیم کا سفر گروپ مرحلے ہی میں ختم ہو گیا، لیکن اسمرتی مندھانا نے اپنی بلے بازی سے سب کو متاثر کیا۔ مندھانا نے 5 مقابلوں میں 140 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلتے ہوئے 205 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 2 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔ انہوں نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے خلاف نصف سنچریاں بنائیں۔
آئی سی سی کی جانب سے شارٹ لسٹ کیے گئے کھلاڑیوں میں مرزینہ کیپ کا نام بھی شامل ہے۔ کیپ نے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 31 کی اوسط سے کھیلتے ہوئے 124 رنز بنائے، جبکہ گیندبازی میں 14.37 کی اوسط سے 8 وکٹیں حاصل کیں۔ کیپ کی بہترین کارکردگی ہندوستان کے خلاف دیکھنے کو ملی، جہاں انہوں نے 2 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 81 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی۔ ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ ایوارڈ کے فاتح کا اعلان اتوار کو لارڈز میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے خواتین ٹی-20 ورلڈ کپ فائنل کے بعد کیا جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
