ویمنس ایشیا کپ 2026: ہندوستان نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے دی پٹخنی، ہرمن پریت بریگیڈ نے سیمی فائنل میں بنائی جگہ

پہلے بلے بازی کرنے اتری پاکستانی ٹیم 18.1 اوورس میں صرف 55 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی، جو پاکستانی ٹیم کا ٹی-20 انٹرنیشنل میں سب سے کم اسکور رہا۔ 56 رنز کا ہدف ہندوستانی ٹیم نے بڑی آسانی سے حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/BCCIWomen">@BCCIWomen</a></p></div>
i

ہرمن پریت کور کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم نے ’ویمنس ایشیا کپ 2026‘ کے نویں مقابلے میں پاکستان کو آج بہ آسانی 7 وکٹوں سے پٹخنی دے دی۔ پہلے بلے بازی کرنے کے بعد پاکستان کی ٹیم 18.1 اوورس میں صرف 55 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی، جو پاکستانی ٹیم کا ٹی-20 انٹرنیشنل میں سب سے کم اسکور رہا۔ 56 رنز کا ہدف ہندوستانی ٹیم نے بڑی آسانی سے حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب کے لیے اتری ہندوستانی ٹیم نے 8.4 اوور یعنی 52 گیندوں میں ہی جیت حاصل کر لی۔ اس چھوٹے سے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کے لیے کپتان ہرمن پریت کور نے 18 گیندوں میں 18 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی، جس میں 1 چوکا اور 1 چھکا شامل رہا۔ اس دوران پاکستان کے لیے کپتان فاطمہ نے 3 وکٹیں لیں۔ ویمنس ٹی-20 انٹرنیشنل میں پاکستان کے خلاف ہندوستان کی یہ 15ویں جیت رہی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں داخل ہو گئی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم بالکل پُرسکون نظر آئی۔ اوپننگ کے لیے اتری شفالی ورما نے پہلی گیند پر چھکا لگا کر ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا۔ تاہم وہ زیادہ بڑی اننگز نہیں کھیل سکیں۔ انہوں نے 6 گیندوں میں 1 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 12 رنز بنائے۔ 13 رنز پر پہلا وکٹ گرا۔ ٹیم کو دوسرا جھٹکا 18 رنز پر پرتیکا راول کی شکل میں لگا، جنہوں نے 3 گیندوں میں 1 چوکے کی مدد سے 4 رنز بنائے۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد اسمرتی مندھانا 11 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ اس طرح ہندوستان کا تیسرا وکٹ گرا۔ اس کے بعد ہرمن پریت اور دیپتی شرما نے چوتھے وکٹ کے لیے 28 گیندوں میں 28 رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم کو جیت کی لکیر پار کرا دی۔ دیپتی نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔


میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹیم کا یہ فیصلہ بالکل غلط ثابت ہوا۔ پاکستانی ٹیم نے 27 رنز پر پہلا وکٹ گنوایا، اور پھر اس کے بعد ٹیم 55 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ یعنی اگلے 28 رنز پر ٹیم کے 9 وکٹ گر گئے۔ اوپننگ کے لیے اتری شوال ذوالفقار نے 14 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے شامل رہے۔ ساتھی سلامی بلے باز منیبہ علی نے 13 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ باقی 9 بلے باز دہائی کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر سکیں۔

پہلی اننگ میں ہندوستان کے لیے شری چرنی اور پریما راوت نے سب سے زیادہ 3-3 وکٹیں لیں۔ دیگر گیندبازوں میں دیپتی شرما نے 2 وکٹیں اور شفالی ورما نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔ چرنی نے 4 اوور میں 7 رنز، پریما نے 4 اوور میں 9 رنز، دیپتی نے 3.1 اوور میں 5 رنز اور شفالی نے 3 اوور میں 10 رنز خرچ کیے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔