ہندوستانی ٹیم عالمی کپ کی مضبوط دعویدار: وسیم اکرم

اپنے وقت کے بہترین سوئنگ بالر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ”چھپی رستم “ ثابت ہوگی جو سرپرائز کر سکتی ہے البتہ پاکستانی ٹیم سے بہتر توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ورلڈ کپ 2019 کا ٹائٹل جیتنے کے لئے ہندستانی ٹیم کو مضبوط دعویدار قرار دیا ہے۔

اپنے وقت کے بہترین سوئنگ بالر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ”چھپی رستم “ ثابت ہوگی جو سرپرائز کر سکتی ہے البتہ پاکستانی ٹیم سے بہتر توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں جس کے پاس عالمی کپ جیتنے کا سنہرہ موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین کھلاڑیوں کا گروپ موجود ہے اور یہ لوگوں کی بہت بڑی غلطی ہو گی کہ وہ پاکستانی ٹیم کو یکسر نظر انداز کردیں۔ پاکستان سپر لیگ نے پاکستانی ٹیم کو بہترین کھلاڑی دیئے ہیں اور محمد حفیظ اور شعیب ملک کے علاوہ دیگرکھلاڑی ابھی نوجوان ہیں جس کا پاکستان کو فائدہ ہوگا کیوں کہ اس ٹیم کی فیلڈنگ بھی کافی بہتر ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شائقین پاکستانی ٹیم کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں جسے ان کی حمایت حاصل ہو گی لیکن ہندستانی ٹیم بہرحال خطاب کی مضبوط دعویدار کہی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 30مئی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا اور ایونٹ کا فائنل لارڈز میں 14جولائی کو کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا ایک مرتبہ پھر اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا جب کہ پاکستان میگا ایونٹ میں اپنا پہلا مقابلہ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز سے کھیلے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔