وراٹ کوہلی بطور کپتان دھونی کی برابری کرنے سے ایک جیت دور

ہندوستانی ٹیم نے دھونی کی کپتانی میں 60 ٹیسٹ میچوں میں 27 میچ جیتے ہیں جبکہ وراٹ کی قیادت میں ٹیم نے 46 میچوں میں 26 مقابلے جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

یو این آئی

اینٹيگا: ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی بلے بازی میں نئے نئے ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد اب بطور کپتان مہندر سنگھ دھونی کے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے سے صرف ایک جیت دور ہیں۔

ہندوستانی ٹیم نے دھونی کی کپتانی میں 60 ٹیسٹ میچوں میں 27 میچ جیتے ہیں جبکہ وراٹ کی قیادت میں ٹیم نے 46 میچوں میں 26 مقابلے جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ وراٹ بطور کپتان دھونی کے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے سے محض ایک جیت دور ہیں۔

ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 22 اگست سے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے۔ اگر ہندوستان اس میچ کو جیت لیتا ہے تو وراٹ دھونی کے کپتان رہتے ہوئے 27 ٹیسٹ میچ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر لیں گے۔

گزشتہ سال وراٹ کی کپتانی میں ہندوستان نے افغانستان کے ساتھ واحد ٹیسٹ جیتا تھا جبکہ اسے انگلینڈ سے پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔

دھونی اور وراٹ کے بعد سابق کپتان سوربھ گانگولی 49 میچوں میں 21 ٹیسٹ جیت کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ کے نام بطور کپتان سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے کا عالمی ریکارڈ ہے۔اسمتھ کی کپتانی میں جنوبی افریقہ نے 109 میچوں میں 53 ٹیسٹ میچ جیتے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے رکی پوٹگ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 PM