آسٹریلیا میں وراٹ کوہلی کے ہوٹل روم کی ویڈیو لیک، کہا- ’یہ خوفناک ہے‘

ہوٹل کے عملہ نے وراٹ کوہلی کے کمرے میں داخل ہو کر بغیر اجازت ویڈیو شوٹ کی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔ کوہلی نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے

وراٹ کوہلی، تصویر آئی اے این ایس
وراٹ کوہلی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سڈنی: ٹیم انڈیا اس وقت آسٹریلیا میں جاری ٹی-20 عالمی کپ میں حصہ لے رہی ہے۔ اتوار کے روز پرتھ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ تھا جس میں ہندوستانی ٹیم کو شکست ہوئی تھی لیکن اس دوران ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے وراٹ کوہلی کافی ناراض ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی برہمی کا اظہار بھی کیا ہے۔ دراصل ہوٹل کے عملے نے بغیر اجازت وراٹ کے کمرے میں داخل ہو کر ویڈیو بنائی اور پھر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔

اسٹار کھلاڑی کوہلی نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا، "میں یہ بات سمجھتا ہوں کہ مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بےتاب اور پرجوش رہتے ہیں۔ اور ہمیشہ اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو سپورٹ کرتے ہیں لیکن یہاں اس ویڈیو نے مجھے اپنی پرائیویسی کے کے حوالہ سے حیران و ششدر کر دیا ہے۔ میں اپنے ہوٹل کے کمرے میں محفوظ نہیں ہوں۔ اگر یہاں بھی میرے لئے کوئی ذاتی جگہ نہیں ہے تو پھر میں کہاں جاؤں؟ میں اس چیز سے بالکل خوش نہیں ہوں۔ براہ کرم لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھیں اور انہیں ہر وقت تفریح ​​کا ذریعہ نہ سمجھیں۔"


خیال رہے کہ وراٹ کے ہوٹل کے کمرے کی جو ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے اس میں کمرے میں موجود ہر چیز صاف نظر آ رہی ہے۔ ویڈیو ایک میز سے شروع ہوتی ہے، جہاں سفید کپڑے پر لکشمی گنیش کی مورتیاں رکھی نظر آتی ہیں۔ ساتھ ہی وراٹ کی گھڑیاں اور چشمے بھی رکھے نظر آ رہے ہیں۔ ایک طرف وراٹ کے جوتے، کئی جرسیاں اور کپڑے بھی نظر آ رہے ہیں۔ ساتھ ہی کریم کے علاوہ وراٹ کے میز پر کچھ اور پراڈکٹس بھی نظر آ رہے ہیں۔

وراٹ کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے بھی اس واقعے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انسٹاگرام اسٹوری پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے بھی اسے پرائیوی کا مسئلہ قرار دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔