تیسرا اور آخری ٹی-20: کلین سوئپ کے ارادے سے میدان میں اترے گی ٹیم انڈیا، جنوبی افریقہ پر ساکھ بچانے کا دباؤ

دو میچ جیت کر پہلے ہی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے والی ٹیم انڈیا آج افریقہ کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کے ارادے سے میدان میں اترے گی

تصویر ٹوئٹر / @BCCI
تصویر ٹوئٹر / @BCCI
user

قومی آوازبیورو

اندور: ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ٹی-20 سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج اندور میں کھیلا جائے گا۔ دو میچ جیت کر پہلے ہی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے والی ٹیم انڈیا آج افریقہ کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ سیریز پر قبضہ کرنے کے بعد ٹیم انڈیا کے حوصلے آخری میچ کے لیے کافی بلند ہیں۔

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آج کا میچ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ ہولکر اسٹیڈیم میں آخری بار ہندوستان بمقابلہ سری لنکا میچ 7 جنوری 2020 کو کھیلا گیا تھا۔ اب ڈھائی سال سے زیادہ عرصہ کے بعد اندور اور ریاست کے کرکٹ شائقین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ ایسے میں لوگ بہت پرجوش ہیں۔ عالم یہ ہے کہ ہولکر اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹ آن لائن بکنگ کے ذریعے صرف 15 منٹ میں ہی ختم ہو گئے۔


وراٹ کوہلی اور نائب کپتان کے ایل راہل کو آج کے میچ کے لیے آرام دیا گیا ہے، جس کے سبب اس میچ کے دوران پلیئنگ 11 میں تبدیلی نظر آ سکتی ہے۔ معلومات کے مطابق کوہلی اور راہل کی غیر موجودگی میں شریئس ایر کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ وہیں راہل کے بجائے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کپتان روہت شرما کے ساتھ اوپننگ کرتے نظر آ سکتے ہیں۔

ہندوستان نے گرچہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہو، لیکن اس کے لیے مثالی ٹیم کا مجموعہ ابھی تک نہیں مل سکا ہے۔ اندور کے تیسرے میچ کے دوران روہت شرما کی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل اس امتزاج کو تلاش کرنے کی آخری کوشش کرے گی۔

ٹیم کی سب سے بڑی پریشانی بولنگ ہے۔ دیپک چاہر (4 اوور، 24 رنز) کے علاوہ گوہاٹی ٹی ٹوئنٹی میچ میں تمام گیند باز مہنگے ثابت ہوئے۔ ورلڈ کپ میں جسپریت بمراہ کے کھیلنے پر شکوک شبہات نے ٹیم کی تشویش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ جنوبی افریقہ سیریز میں بمراہ کی جگہ منتخب کیے گئے محمد سراج اگر آسٹریلیا جانے کے لیے ممکنہ کھلاڑی ہیں تو انہیں تیسرے ٹی20 میں کھیلنا چاہیے۔


بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) ذرائع کے مطابق لوکیش راہل اور وراٹ کوہلی کو اندور ٹی ٹوئنٹی کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ اس صورتحال میں ورلڈ کپ ٹیم کے اضافی کھلاڑی شریاس ائیر کو بھی الیون میں جگہ مل سکتی ہے۔

جنوبی افریقہ کے لیے ان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو جارحانہ انداز اپنانا ہوگا۔ ایسا نہ ہو کہ اتوار کو اپنی دوسری ٹی20 سنچری بنانے والے ڈیوڈ ملر کو ایک بار پھر رن بنانے کے لیے اکیلا چھوڑ دیا جائے۔ ٹیمبا باوما اور ریلی روسو نے لگاتار دوسرے میچ میں صفر رنز بنائے، جو ورلڈ کپ سے عین قبل پروٹیز کے لیے اچھا اشارہ نہیں ہے۔

پچھلی آٹھ اننگز میں صرف 68 رنز بنانے والے کوئنٹن ڈی کاک کی نصف سنچری ٹیم کے لیے اچھی خبر ہے، حالانکہ انہیں رنز کی رفتار میں اضافہ کرنا ہوگا۔ اتوار کو کیشو مہاراج کے علاوہ جنوبی افریقہ کی باؤلنگ نارمل رہی اور تیز گیند بازوں نے کئی فل ٹاس گیندیں ڈالیں۔ باوما توقع کریں گے کہ ان کے گیند باز اندور میں بہتر نظم و ضبط کے ساتھ گیند بازی کریں گے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔