ایران-اسرائیل جنگ کا اثر اب کرکٹ پر بھی، نئے کاؤنٹی سیزن کے آغاز سے قبل ’ڈیوکس‘ گیندوں کی کمی کا خدشہ!
برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 3 اپریل سے شروع ہو رہے ’ڈومیسٹک کاؤنٹی چمپئن شپ‘ کے نئے سیزن سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سامنے گیندوں کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔

ایران اور اسرائیل-امریکہ کے درمیان جاری جنگ کے ختم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ اس جنگ میں اب تک ہزاروں لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور پورے مغربی ایشیا میں تباہی مچی ہوئی ہے۔ سمندر میں ایک طرف تیل اور گیس کے بڑے بحری جہاز اٹکے ہوئے ہیں، تو دوسری جانب ہزاروں لوگ مختلف ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔ جنگ کا اثر اب آہستہ آہستہ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی کسی نہ کسی طور پر پڑ رہا ہے، یہاں تک کہ کھیلوں کی دنیا بھی اس سے محفوظ نہیں رہی۔ تازہ ترین معاملہ انگلینڈ سے سامنے آیا ہے، جہاں گیندوں کی کمی کے باعث کاؤنٹی کرکٹ کے نئے سیزن کا آغاز خطرے میں پڑ گیا ہے۔
برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 3 اپریل سے شروع ہو رہے ’ڈومیسٹک کاؤنٹی چمپئن شپ‘ کے نئے سیزن سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سامنے گیندوں کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی کاؤنٹی چمپئن شپ میں 18 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں ’ڈیوکس‘ گیندوں کا استعمال ہوتا ہے۔ ان گیندوں کو انگلینڈ کی ہی ڈیوکس کمپنی کرتی ہے، لیکن اس عمل میں جنوبی ایشیا کا بھی اہم کردار ہے اور فی الحال ایران اور اسرائیل-امریکہ کی جنگ اس میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر سال کاؤنٹی سیزن کے لیے 4000 سے 5000 کے درمیان گیندیں استعمال کی جاتی ہیں۔ ان گیندوں کو جنوبی ایشیا (بنیادی طور پر ہندوستان) سے منگوایا جاتا ہے۔ ان گیندوں میں استعمال ہونے والا چمڑا اور باقی سامان تو انگلینڈ سے ہی جاتا ہے، لیکن ان گیندوں کی ہاتھوں سے سلائی یہاں ہوتی ہے۔ ڈیوکس کمپنی کے مالک دلیپ ججودیا نے ’ڈیلی میل‘ کو بتایا کہ کافی مقدار میں گیندیں بن کر تیار ہیں، لیکن ایئرلائنس انہیں لانے سے قاصر ہیں، کیونکہ فی الحال جنگ کی وجہ سے کافی رکاوٹیں سامنے آ رہی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ گیندوں کی درآمد کی لاگت 5 پاؤنڈ سے بڑھ کر 15 پاؤنڈ فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔ دلیپ ججوڈیا کا کہنا ہے کہ وہ صرف 50 فیصد گیندیں ہی فراہم کر سکتے ہیں۔
حالانکہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کسی بھی قسم کی پریشانی کو خارج کر دیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے سے ہی کافی مقدار میں گیندیں خرید لی تھیں جو تمام کاؤنٹی کلب کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ بورڈ نے یہ بھی کہا کہ نہ تو کاؤنٹی چمپئن شپ کا سیزن متاثر ہوگا اور نہ ہی ہوم ٹیسٹ سیزن پر کوئی اثر پڑے گا، جس کا آغاز 4 جون سے انگلینڈ-نیوزی لینڈ سیریز کے درمیان سیریز سے ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔