ہندوستانی ٹیم پر بھی چڑھا 80 کی دہائی کا رنگ، بی سی سی آئی نے شیئر کی دلچسپ ویڈیو، کھلاڑیوں کے رد عمل نے جیتا دل
ویڈیو میں ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی 1980 کی دہائی کی تصاویر دیکھ کر یہ شناخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ تصویر میں نظر آنے والا شخص ٹیم کے کس کھلاڑی سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔
افغانستان کے خلاف ہونے والی ٹی-20 سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم کا ایک الگ ہی انداز دیکھنے کو ملا ہے۔ بی سی سی آئی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے، جس میں کھلاڑی 1980 کی دہائی کے ٹرینڈ کو اپناتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ بی سی سی آئی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ونٹیج وائبز۔ پرائس لیس ری ایکشنز۔‘ ویڈیو میں ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی 1980 کی دہائی کی تصاویر دیکھ کر یہ شناخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ تصویر میں نظر آنے والا شخص ٹیم کے کس کھلاڑی سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔
ویڈیو میں کھلاڑیوں کو ایک ایک کر کے پرانی تصاویر دکھائی جاتی ہیں۔ ایک تصویر پر جب ابھیشیک سے پوچھا جاتا ہے کہ انہیں یہ کس کھلاڑی سے ملتی جلتی لگتی ہے تو جسپریت بمراہ کا نام سامنے آتا ہے۔ اس کے بعد گفتگو میں سنجو سیمسن کا بھی ذکر ہوتا ہے۔ ایک تصویر دیکھ کر کھلاڑی حیرت سے پوچھتے ہیں ’وہ کون ہے؟‘ اس کے بعد یوراج سنگھ کا نام لیا جاتا ہے۔ اسی دوران کھلاڑیوں کے درمیان مذاق کا سلسلہ بھی چلتا ہے۔ ایک کھلاڑی تصویر دیکھ کر کہتا ہے ’میں اس سے بہتر نظر آتا ہوں۔‘ اس کے بعد 1980 کی دہائی کی ایک اور تصویر دکھائی جاتی ہے۔ کھلاڑی تصویر میں نظر آنے والے ’لُک‘ (انداز) کو ٹیم کے کسی کھلاڑی سے ملانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایک تصویر میں جیکٹ کو لے کر بھی دلچسپ ردعمل سامنے آتا ہے۔ کھلاڑی کہتے ہیں ’جیکٹ بھی وہی ہے، رنگ بھی وہی ہے۔‘
قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے خلاف ٹی-20 سیریز شروع ہونے سے قبل ہندوستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں ایک طرف جسپریت بمراہ کی واپسی نے جوش بڑھایا تو دوسری طرف ایشان کشن کی پریشانی نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ جمعہ (11 ستمبر) کو ٹیم کے نیٹ سیشن کے دوران وکٹ کیپر بلے باز ایشان کی پیٹھ میں کھنچاؤ آ گیا، جس کے بعد انہیں پریکٹس درمیان میں ہی چھوڑنی پڑی۔ ایشان تیز گیند بازوں کے نیٹ میں بلے بازی کر رہے تھے۔ فی الحال ان کی چوٹ کتنی سنگین ہے، اس کا اندازہ اگلے 24 گھنٹوں میں مناسب آرام کے بعد ہی ہو سکے گا۔ افغانستان کے خلاف ٹی-20 سیریز سے پہلے ایشان کی فٹنس اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ وہ دلیپ ٹرافی کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے واپس آئے ہیں۔
