ٹی-20 عالمی کپ: ٹیم انڈیا کی نیدرلینڈ پر 56 رن سے شاندار جیت، اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچا ہندوستان

ٹی 20 عالمی کپ میں ہندوستان نے نیدرلینڈ کو 56 رنوں سے کراری شکست دے دی ہے۔ ہندوستان کے دئے گئے 180 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیدر لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 123 رنز ہی بنا سکی

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

سڈنی: آئی سی سی ٹی 20 عالمی کپ میں ہندوستان نے نیدرلینڈ کو 56 رنوں سے کراری شکست دے دی ہے۔ ہندوستان کے دئے گئے 180 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیدر لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 123 رنز ہی بنا سکی۔ ہندوستانی گیندبازوں نے کمال کی گیندبازی کی اور شروع سے ہی نیدرلینڈ کے بلے بازوں پر لگام لگائے رکھی۔ اس میچ کے بعد ہندوستان اپنے گروپ میں سر فہرست آ گیا ہے۔ ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ جنوبی افریقہ ایک جیت کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔

قبل ازیں، ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلی اننگ میں وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ 62)، کپتان روہت شرما (53) اور سوریہ کمار یادو (ناٹ آؤٹ 51) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سپر-12 میچ میں نیدرلینڈ کے سامنے 180 رنوں کا ہدف رکھا۔


ہندوستان نے اننگ کا سست آغاز کیا۔ سلامی بلے باز لوکیش راہل نو رن کے اسکور پرایل بی ڈبلیو ہوئے۔ روہت نے بھی کچھ دیر جدوجہد کی لیکن آٹھویں اوور میں انہوں نے لوگن وین بیک کو چھکا لگا کر اپنے ہاتھ کھولے۔

روہت اور کوہلی نے دوسرے وکٹ کے لیے 73 رنوں کی شراکت داری کی۔ روہت نے آؤٹ ہونے سے پہلے 39 گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ ان کا وکٹ گرنے کے بعد، کوہلی نے سوریہ کمار کے ساتھ 95 رنز کی دھماکہ خیز شراکت داری کرکے ہندوستان کو 20 اوورز میں 179/5 تک پہنچا دیا۔

کوہلی نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری اسکورکرتے ہوئے 44 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے، جبکہ سوریہ کمار نے 25 گیندوں پر سات چوکے اور ایک چھکا لگاکر 51 رنوں کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔

روہت (34) اس دوران ٹی 20 ورلڈ کپ میں کرس گیل (63) کے بعد سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹی 20 عالمی کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں چوتھا مقام حاصل کرنے کے لئے تلکرتنے دلشان (897) کوپیچھے چھوڑدیا۔ وراٹ اس فہرست میں کرس گیل (965) کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔