ٹی-20 عالمی کپ 2022: ’آپ میں اور ہم میں یہی فرق ہے‘، پاکستانی وزیر اعظم کے ٹوئٹ پر عرفان پٹھان کا جوابی حملہ

ہفتہ کے روز عرفان پٹھان نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے ذریعہ گزشتہ دنوں کیے گئے اس ٹوئٹ پر جوابی حملہ کیا ہے جس میں انگلینڈ سے شکست کے بعد ہندوستان پر طنز کیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے ہفتہ کے روز پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو ان کے ذریعہ کیے گئے ایک ٹوئٹ پر تلخ تبصرہ کیا ہے۔ دراصل شہباز شریف نے آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ سے 10 وکٹ سے ہارنے والی ہندوستانی ٹیم کا مذاق اڑایا تھا۔ شہباز شریف نے جمعرات کو ٹوئٹر پر انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں ہندوستان کی یکطرفہ شکست اور گزشتہ سال کے ٹی-20 عالمی کپ کے سپر-12 مرحلہ میں پاکستان سے 10 وکٹ سے ملی شکست کا تذکرہ کرتے ہوئے ملبورن میں اتوار کے فائنل کی ٹیموں کے بارے میں پوسٹ کیا۔ یہ وہ دو میچ تھے جو ہندوستان نے ٹی-20 عالمی کپ میں 10 وکٹ سے ہارے تھے۔ پاکستانی وزیر اعظم نے ٹوئٹ میں لکھا تھا ’’اس اتوار کو 0/152 بنام 0/170 کے درمیان فائنل دیکھنے کو ملے گا۔‘‘

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ ٹوئٹ بہت تیزی کے ساتھ وائرل ہوا تھا۔ شہباز شریف کے اس ٹوئٹ پر لوگوں نے بڑی تعداد میں تنقیدی تبصرے کیے تھے۔ حتیٰ کہ پاکستانی عوام نے بھی انھیں ملک کے حالات پر توجہ دینے کا مشورہ دینا شروع کر دیا تھا۔


بہرحال، ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم عالمی کپ کا فائنل میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے اور اس میچ سے ٹھیک ایک دن پہلے ہندوستان کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے شہباز شریف کے ٹوئٹ پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’آپ میں اور ہم میں فرق یہی ہے۔ ہم اپنی خوشی سے خوش ہیں اور آپ دوسرے کی تکلیف سے۔ اس لیے خود کے ملک کو بہتر کرنے پر دھیان نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔