ٹی-20 رینکنگ: ہندوستانی ٹیم کی بادشاہت ختم، سری لنکا کو 3-0 سے شکست دے کر انگلینڈ بنا نمبر ون
2026 میں یہ دوسری بار ہے جب انگلینڈ نے ہندوستان سے ٹی-20 میں نمبر ون رینکنگ چھینی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف 4-0 کی سیریز جیتنے کے بعد سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔

ہندوستان نے افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی ٹی-20 انٹرنیشنل سیریز 3-0 سے اپنے نام کی، اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم کو آئی سی سی ٹی-20 رینکنگ میں نمبر ون کی کرسی گنوانی پڑی ہے۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو 3 میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کر ہندوستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔ انگلینڈ نے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی-20 میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
سری لنکا کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 124 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس کے جواب میں انگلینڈ نے جوس بٹلر کی ناٹ آؤٹ 62 رنز کی اننگ کی مدد سے صرف 9.4 اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ انگلینڈ نے سیریز 3-0 سے اپنے نام کی اور ٹی-20 رینکنگ میں دوبارہ نمبر ون ٹیم بن گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ دونوں کے 269 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ حالانکہ یہ 269 کا نمبر راؤنڈ آف کیا ہوا ہے۔ ہندوستان کے ریٹنگ پوائنٹس 268.76 ہیں، جبکہ انگلینڈ کے پوائنٹس 268.80 ہیں۔ صرف 0.04 پوائنٹس کے فرق سے انگلینڈ ریٹنگ میں آگے نکل گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے حال ہی میں افغانستان کو 3-0 سے شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ لیکن انگلینڈ کے سری لنکا کے خلاف کلین سویپ کے بعد رینکنگ میں تبدیلی ہو گئی۔ 2026 میں یہ دوسری بار ہے جب انگلینڈ نے ہندوستان سے ٹی-20 میں نمبر ون رینکنگ چھینی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف 4-0 کی سیریز جیتنے کے بعد سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ تیسرے ٹی-20 میں سلامی بلے باز جوس بٹلر نے 32 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 62 رنز بنائے، جبکہ کپتان ہیری بروک نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ بروک کو پوری سیریز میں شاندار کارکردگی کے لیے ’پلیئر آف دی سیریز‘ منتخب کیا گیا۔ انگلینڈ کی سری لنکا کے خلاف یہ ٹی-20 انٹرنیشنل میں مسلسل 15ویں جیت تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
