ٹی-20 رینکنگ: لگاتار 3 صفر کے باوجود ابھشیک شرما اوّل مقام پر قائم، ایشان کشن آٹھویں سے پانچویں مقام پر پہنچے

گیندبازی کی بات کریں تو جنوبی افریقہ کے خلاف خراب کارکردگی کے باوجود ہندوستان کے ورون چکرورتی پہلے مقام پر ہیں۔ ہندوستانی گیندباز جسپریت بمراہ بھی ٹاپ-10 میں داخل ہو گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ابھشیک شرما، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی ٹیم کے ہونہار سلامی بلے باز ابھیشیک شرما کے لیے اب تک ’ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ اچھا ثابت نہیں ہوا ہے۔ ان کے بلے سے کوئی بڑی اننگز نہیں نکلی ہے، جس نے ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کو فکر میں مبتلا کر دیا ہے۔ بڑی اننگز تو دور، ابھیشیک اس عالمی کپ میں ایک ایک رن بنانے کے لیے ترس گئے ہیں۔ وہ مسلسل 3 میچوں میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ عالمی کپ سے پہلے ابھیشیک کی کارکردگی بہت شاندار تھی، اس لیے کرکٹ ماہرین بھی حیران ہیں کہ اچانک ابھشیک کو کیا ہو گیا ہے۔ بہرحال، اچھی بات یہ ہے کہ عالمی کپ میں خراب کارکردگی کا اثر ان کی ٹی-20 رینکنگ پر نہیں پڑا ہے۔ تازہ ٹی-20 انٹرنیشنل رینکنگ میں ابھیشیک اوّل مقام پر برقرار ہیں۔ اس رینکنگ میں ہندوستان کے 2 کھلاڑیوں کو ٹی-20 عالمی کپ میں بہترین کارکردگی کا انعام بھی ملا ہے۔ وہ کھلاڑی ہیں ایشان کشن اور جسپریت بمراہ۔

آئی سی سی نے 25 فروری کو ٹی-20 انٹرنیشنل کی تازہ رینکنگ جاری کی، جس پر ٹی-20 عالمی کپ کے مقابلوں کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بلے بازی کی بات کی جائے تو 4 میچوں میں صرف 15 رن بنانے کے باوجود ابھشیک کی نمبر-1 پوزیشن برقرار ہے۔ اگرچہ ان کے ریٹنگ پوائنٹس میں کافی کمی آئی ہے اور یہ گھٹ کر 877 رہ گئے ہیں۔ اس کے باوجود وہ دوسرے نمبر پر موجود فل سالٹ (815) سے بہت آگے ہیں۔ تیسرے نمبر پر پاکستان کے سلامی بلے باز صاحب زادہ فرحان پہنچ گئے ہیں، جنہیں 2 درجے کا فائدہ ہوا ہے۔


عالمی کپ میں اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے تہلکہ مچانے والے اور ہندوستانی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے ایشان کشن نے 3 درجے کی چھلانگ لگائی ہے اور وہ پانچویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ایشان نے اس معاملہ میں کپتان سوریہ کمار یادو اور تلک ورما کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سوریہ اپنی چھٹی پوزیشن پر برقرار ہیں، لیکن تلک ورما کو 2 درجے کا نقصان ہوا ہے اور وہ ساتویں مقام پر آ گئے ہیں۔ ان کے علاوہ بلے بازی میں جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریوس نے 10 درجے کی چھلانگ لگا کر نویں رینک حاصل کی ہے۔

گیند بازی کی بات کی جائے تو جنوبی افریقہ کے خلاف خراب میچ کے باوجود نمبر-1 پر ہندوستانی اسپنر ورون چکرورتی برقرار ہیں۔ ورون کے بعد اب ٹاپ-10 میں ایک اور ہندوستانی گیند باز کی انٹری ہوئی ہے۔ یہ ہیں اسٹار تیز گیندباز جسپریت بمراہ، جنہوں نے 7 درجہ چڑھ کر آٹھویں رینک حاصل کر لی ہے۔ بمراہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف 4 وکٹوں والے اسپیل کا بڑا فائدہ ملا۔ جنوبی افریقہ کے کوربن بوش (21 درجہ کی چھلانگ کے بعد تیسری رینک) اور ویسٹ انڈیز کے میتھیو فورڈ (23 درجہ چڑھ کر ساتویں رینک) نے بھی بڑی چھلانگ کے ساتھ ٹاپ-10 میں جگہ بنا لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔