شعیب اختر نے ہندوستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے جارحانہ انداز کی ستائش کی

شعیب اختر نے کہا کہ ’’ہندوستانی انڈر 19 لڑکوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ جارحیت دکھاؤ، مجھے اچھا لگا۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’کرکٹ صرف کھیل نہیں ہے، اس کے ساتھ کچھ اقدار اور احترام بھی وابستہ ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>شعیب اختر / ویڈیو گریب</p></div>
i

پاکستان کے خلاف انڈر-19 ایشیا کپ فائنل میں سنسنی خیز کامیابی کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں کے پرجوش جشن کا تذکرہ مسلسل ہو رہا ہے۔ اس دوران پاکستان کے سابق تیز گیند باز شعیب اختر نے بھی ہندوستانی ٹیم کے ذریعہ میدان میں دکھائے گئے جارحانہ انداز پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ شعیب اختر نے جہاں کھلاڑیوں کے جارحانہ انداز کو پسند کیا، وہیں انہیں کھیل کی بنیادی اقدار اور مخالف ٹیم کے تئیں احترام برقرار رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔ شعیب اختر نے ہندوستانی انڈر 19 کھلاڑیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انہیں میدان میں جارحانہ انداز پسند آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی انڈر 19 لڑکوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ جارحیت دکھاؤ، مجھے اچھا لگا۔ حالانکہ شعیب اختر نے اپنی بات میں یہ بھی کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں ہے، بلکہ اس کے ساتھ کچھ اقدار اور احترام بھی وابستہ ہیں۔

شعیب اختر نے ہندوستان کے معروف کھلاڑیوں سچن تنڈولکر، وریندر سہواگ اور سورو گنگولی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں ان کے درمیان سخت مقابلہ تھا، لیکن آپسی تعلق ہمیشہ بہتر رہتا تھا۔ اختر کے مطابق مقابلہ کتنا بھی سخت کیوں نہ ہو، کھلاڑیوں کو کھیل کے جذبات کا خیال رکھنا چاہئے۔ شعیب اختر نے فائنل میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے ایک بڑا دعویٰ بھی کیا۔ اختر کا ماننا تھا کہ پاکستان کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ہندوستان سے بہتر کھیل رہی تھی، لیکن فیصلہ کن موقع پر دباؤ کے سامنے اپنی بہترین کارکردگی پیش نہیں کر سکی۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم نے مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور میچ اپنے نام کرلیا۔ اختر نے ہندوستانی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے پاس باصلاحیت کھلاڑی، خود اعتمادی اور مقابلہ جیتنے کی صلاحیت موجود تھی۔


انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان کے سامنے 338 رنز کا مشکل ہدف تھا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم مشکل حالات میں پھنس گئی تھی۔ کپتان لکشے رائے چندانی اور آریہ ویر سہواگ نے اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ اس کے بعد نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے والے مانل چوہان اور موہت اولوا نے شاندار شراکت داری کرکے میچ کا رخ بدل دیا۔ دونوں نے نویں وکٹ کے لیے 57 رنز جوڑے۔ مانل نے 32 گیندوں پر 47 رنز بنائے، جبکہ موہت اولوا 26 گیندوں پر 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آخری گیند پر چوکا لگا کر موہت نے ہندوستان کو ایک وکٹ سے کامیابی دلا دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ریکارڈ نویں مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کرلیا۔

میچ جیتنے کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں نے میدان میں زبردست جشن منایا، حالانکہ کچھ کھلاڑیوں کے جارحانہ رویے اور پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب کیے گئے اشاروں کو لے کر سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ کچھ لوگوں نے جیت کی خوشی قرار دیا اور کچھ لوگوں نے کھلاڑیوں کے رویے کی تنقید کی ہے۔ اس ضمن میں شعیب اختر کا بیان اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ہندوستانی کھلاڑیوں کے جارحانہ انداز کو پسند کرنے کی بات کہی، لیکن ساتھ ہی یاد دلایا کہ میدان میں جوش و جذبے کے ساتھ احترام بھی ضروری ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔