شامی-سراج نے نیوزی لینڈ کی بلے بازی کو کیا تہس نہس، 8 وکٹ سے جیت کے ساتھ ہندوستان کا سیریز پر قبضہ

رائے پور میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کی طرف سے تیز گیندباز محمد شامی اور محمد سراج نے لاجواب گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور نتیجہ یہ ہوا کہ نیوزی لینڈ نے محض 15 رن پر ہی اپنے 5 وکٹ گنوا دیے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @BCCI</p></div>

تصویر @BCCI

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں آج 8 وکٹ سے آسان جیت حاصل کر لی۔ اس جیت کے ساتھ ہی تین میچوں کی یک روزہ سیریز میں ہندوستان نے 0-2 کو ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے، یعنی سیریز پر قبضہ ہو گیا ہے۔ آج رائے پور میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کی طرف سے تیز گیندباز محمد شامی اور محمد سراج نے لاجواب گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور نتیجہ یہ ہوا کہ نیوزی لینڈ نے محض 15 رن پر ہی اپنے 5 وکٹ گنوا دیے تھے۔ سینٹنر، بریسویل اور فلپس نے کچھ حد تک نیوزی لینڈ کے لیے اچھی بلے بازی کی اور اسکور کو 108 رن تک پہنچایا۔

آج ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلہ کو ہندوستانی گیندبازوں نے پوری طرح درست ثابت کیا۔ پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر محمد شامی نے فن ایلن کو صفر پر آؤٹ کر دیا، اور پھر رہ رہ کر وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ محمد شامی نے 6 اوور میں 18 رن دے کر 3 وکٹ لیے، جبکہ محمد سراج نے 6 اوور میں محض 10 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہاردک پانڈیا (6 اوور میں 16 رن) اور واشنگٹن سندر (3 اوور میں 7 رن) نے 2-2 وکٹ لینے میں کامیابی حاصل کی، جبکہ شاردل ٹھاکر (6 اوور میں 26 رن) اور کلدیپ یادو (7.3 اوور میں 29 رن) کو 1-1 وکٹ ملے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے گلین فلپس نے سب سے زیادہ 36 رن بنائے، جبکہ مشیل سینٹنر 27 رن اور مائیکل بریسویل 22 رن کا تعاون دے سکے۔ بقیہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ پایا۔ نیوزی لینڈ کے سبھی کھلاڑی 34.3 اوور میں 108 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔


ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما اور شبھمن گل جب 109 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے اترے تو کبھی بھی دباؤ میں دکھائی نہیں دیے۔ رن بہت آسانی سے بن رہے تھے اور ایک وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے ہندوستان بغیر کوئی وکٹ گنوائے ہی جیت حاصل کر لے گا۔ لیکن کپتان روہت شرما 50 گیندوں پر 51 رن بنا کر شپلی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی نے کچھ اچھے شاٹ لگائے لیکن وہ بھی 9 گیندوں میں 11 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انھیں سینٹنر نے اسٹمپ آؤٹ کرایا۔ سلامی بلے باز شبمن گل ایک بار پھر 53 گیندوں پر 40 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ایشان کشن نے بھی 9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 8 رنوں کا تعاون پیش کیا۔ ہندوستان نے 20.1 اوور میں ہی 2 وکٹ کے نقصان پر 111 رن بنا دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔