شہباز ندیم : ہندوستان کے 296 ویں ٹیسٹ کرکٹر

جھارکھنڈ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم کو اپنے گھریلو حامیوں کے سامنے ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں قدم رکھنے کا موقع مل گیا، وہ ملک کے لیے اس فارمیٹ میں کھیلنے والے 296ویں کھلاڑی بھی بن گئے

تصویر سوشلم میڈیا
تصویر سوشلم میڈیا
user

یو این آئی

رانچی: جھارکھنڈ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم کو ہفتہ کے روز اپنے گھریلو حامیوں کے سامنے ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں قدم رکھنے کا موقع مل گیا، جس کے ساتھ ہی وہ ملک کے لیے اس فارمیٹ میں کھیلنے والے 296 ویں کھلاڑی بھی بن گئے۔

ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے رانچی میں جےایس سی بین الاقوامی اسٹیڈیم میں ہفتے کے روز سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہوئے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن اپنے آخری الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے فاسٹ بولر ایشانت شرما کو باہر بیٹھا کر ندیم کو ٹیم میں کھیلنے کا موقع دیا۔

شہباز ندیم : ہندوستان کے 296 ویں ٹیسٹ کرکٹر

ندیم کو جمعہ کے روز ہی ٹیم میں چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ یادو کے کندھے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ لیکن کپتان وراٹ نے ندیم کو، جو گزشتہ کافی عرصے سے ہندوستان اے ٹیم کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، آخری الیون میں بھی جگہ بنانے کا موقع دے دیا۔

تیس سالہ ندیم نے اب تک ہندوستان کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 110 میچ کھیلے ہیں جن میں ان کے نام 424 وکٹ درج ہیں۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں بھی متاثر کرتے ہوئے 64 میچوں میں 42 وکٹ لے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ رنجی ٹرافی کے 2015۔16 اور 2016۔17 سیشن میں انہوں نے 50 سے زائد وکٹ اپنے نام کئے ہیں۔


گزشتہ برس ندیم نے وجے ہزارے ٹرافی میں 10 رن پر آٹھ وکٹ لیکر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ وہ طویل عرصے سے ہندوستان اے ٹیم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے دورے پر دو میچوں میں آٹھ وکٹ لئے تھے۔ انہوں نے اس سال ویسٹ انڈیز اے کے خلاف تین فرسٹ کلاس میچوں میں 15 وکٹ اور انگلینڈ لائنز کے خلاف دو میچوں میں سات وکٹ لئے۔
ندیم کو گزشتہ سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ آخری الیون میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 20 Oct 2019, 9:01 AM