ہندوستانی ٹیم میں واپسی کرنے کے لیے سرفراز خان نے کشمیر میں کی سخت محنت، 17 کلوگرام وزن بھی کیا کم!

سرفراز خان کو 15 اگست سے سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے زخمی سائی سدرشن کی جگہ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2024 کے نومبر میں کھیلا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>سنچری بنانے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے سرفراز خان / تصویر بشکریہ ایکس / @BCCI</p></div>
i

ہندوستان کے اسٹار کرکٹر سرفراز خان کو 15 اگست سے سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے زخمی سائی سدرشن کی جگہ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2024 کے نومبر میں کھیلا تھا۔ حالانکہ سرفراز خان کے لیے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کا سفر آسان نہیں رہا ہے۔ انہوں نے اس کے لیے کشمیر میں جم کر محنت کی اور اپنا 17 کلوگرام وزن بھی کم کیا۔

ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق کچھ روز قبل سرفراز خان نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ’’ہو سکتا ہے کہ میں ٹیم میں فٹ نہ بیٹھوں، لیکن میں اپنی طرف سے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔‘‘ اس سے ان کے پختہ عزم کا پتہ چلتا ہے، لیکن وہ اس وقت کے حالات سے بھی اچھی طرح سے واقف تھے۔ اب قسمت نے پھر سے ان کا ساتھ دیا اور وہ ایک بار پھر ہندوستانی ٹیم کا حصہ بن گئے جو ایک طرح سے ان کے عزم مصمم کی بھی جیت ہے۔ ممبئی کے رہنے والے اس کھلاڑی کے لیے یہ واپسی اس سے بہتر وقت پر نہیں ہو سکتی تھی، کیونکہ انہوں نے فٹ ہونے کے لیے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کی تھی۔


واضح رہے کہ رنجی ٹرافی میں ٹرپل سنچری بنانے کے باوجود سرفراز کو بین الاقوامی کرکٹ کے لیے زیادہ وزنی جسم والا کھلاڑی مانا جاتا تھا، لیکن اب وہ زیادہ چست اور فٹ نظر آتے ہیں، جس سے یقینی طور پر ان کے ٹی-20 کھیل میں بہتری آئی ہے۔ ممبئی میں بے موسم کی بارش کی وجہ سے پریکٹس کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے سرفراز کشمیر چلے گئے تھے جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے شیرِ کشمیر اسٹیڈیم میں گھنٹوں وقت گزارا۔ اس لیے ان کی واپسی کافی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 4 بار ناکام رہنے کے بعد ٹیم سے باہر کیے جانے کی تکلیف کو برداشت کرنا کافی مشکل تھا۔ یہ ایک ایسی سیریز تھی جس میں تقریباً تمام ہندوستانی کھلاڑی ناکام رہے تھے۔

قابل ذکر ہے اس کے بعد سرفراز انگلینڈ گئے جہاں انہوں نے بیکنہم میں ایک انٹرا اسکواڈ میچ (ہندوستان بمقابلہ ہندوستان اے) میں سنچری بنانے کے علاوہ انگلینڈ لائنز کے خلاف ایک ’اَن آفیشیل ٹیسٹ‘ میں ہندوستان اے کی طرف سے 92 رن بنائے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ سری لنکا کے خلاف 15 اگست سے شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں سرفراز خان کو پلیئنگ الیون میں جگہ ملتی ہے یا نہیں؟