ہندستان کے لئے دوبارہ اوپننگ کرتے دکھائی دیں گے سچن وسہواگ

سچن تندولکر، برائن لارا، وریندر سہواگ، بریٹ لی اور تلک رتنے دلشان جیسے بڑے کرکٹر اگلے سال شروع میں منعقد ہونے والی روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز ٹی -20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلتے نظر آئیں گے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: عظیم کرکٹر سچن تندولکر، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا، وریندر سہواگ، آسٹریلوی فاسٹ بولر بریٹ لی اور سری لنکا کے تلک رتنے دلشان جیسے بڑے کرکٹر اگلے سال شروع میں منعقد ہونے والی روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز ٹی -20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ سالانہ ٹی -20 کرکٹ ٹورنامنٹ ہو گا جس میں پانچ ممالک کے 75 سے زیادہ لیجنڈ کھیلیں گے اور سڑک پر حفاظت کو لے کر بیداری پیدا کریں گے۔ سچن کو روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کا برانڈ ایمبیسڈر بنایا گیا ہے جبکہ سابق ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر ٹورنامنٹ کمشنر ہوں گے۔ اس لیگ کا انتظام پروفیشنل مینجمنٹ گروپ کرے گا۔

پانچ ٹیموں کے درمیان یہ ٹورنامنٹ اگلے سال چار سے 16 فروری کے درمیان کھیلا جائے گا اور اس کا انعقاد ملک کے اہم مقامات پر ہو گا۔ ٹورنامنٹ میں انڈیا ليجنڈس، آسٹریلیا ليجنڈس، جنوبی افریقہ ليجنڈس، سری لنکا ليجنڈس اور ویسٹ انڈیز ليجنڈس نامی ٹیمیں حصہ لیں گی۔جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس لیگ کا اعلان کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں گواسکر، سچن، لارا، سہواگ، دلشان، بریٹ لی اور جونٹی روڈس موجود تھے۔ باقاعدہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے 75 سے زیادہ کھلاڑیوں نے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی تصدیق کر دی ہے۔


اس ٹورنامنٹ کا انعقاد پروفیشنل مینجمنٹ گروپ اور مہاراشٹر حکومت کے سڑک پر حفاظت سے متعلق محکمہ کی طرف سے کیا جا رہا ہے۔ ایسے ٹورنامنٹوں کا انعقاد ہندستان میں اگلے 10 سالوں تک کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے اگست 2018 میں ہی ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے اس کی اجازت لے لی تھی۔2013 میں ریٹائرمنٹ لینے کے بعد تندولکر تیسری بار ناظرین کے سامنے کھیلتے نظر آئیں گے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد تندولکر نے 2014 میں لارڈس میں ایم سی سی کے لئے ریسٹ آف دی ورلڈ کے خلاف ایک میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد تندولکر نے 2015 میں امریکہ میں تین ٹی -20 میچ کھیلے تھے۔

سچن نے اس موقع پر کہاکہ میں نے ہمیشہ ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی پر بات کی ہے اور اس ورلڈ سیریز کے ذریعے ہم دنیا کے قدآور کرکٹروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا رہے ہیں اور اس کے ذریعے ہم دنیا کو سڑک پر حفاظت کا پیغام بھی دے سکیں گے ۔ ساتھ ہی کرکٹ شائقین کو آل ٹائم لیجنڈ کرکٹروں کو دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔