شیکھر کے کور کے طور پر انگلینڈ جائیں گے رشبھ پنت، انتظار پھر بھی کریں گے!

نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت زخمی اوپنر شیکھر دھون کے کور کے طور پر عالمی کپ کی ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے انگلینڈ جائیں گے لیکن 15 رکنی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے انھیں انتظار کرنا ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت زخمی اوپنر شیکھر دھون کے کور کے طور پر عالمی کپ کی ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے انگلینڈ جائیں گے لیکن 15 رکنی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے انھیں انتظار کرنا ہوگا۔

ہندوستان کو عالمی کپ میں تیسرا میچ جمعرات کو ناٹنگھم میں نیوزی لینڈ سے کھیلنا ہے۔ وہ بدھ کو انگلینڈپہنچیں گے۔ لیکن وہ تب تک ٹیم میں شامل نہیں ہوپائیں گے جب تک ٹیم مینیجمنٹ شیکھر کو عالمی کپ سے باہر کرنے کا اعلان نہیں کرتی۔ آئی سی سی کے ضابطے کے مطابق ایک بار کھلاڑی کو باہر کیے جانے کی صورت میں اسے دوبارہ ٹیم میں شامل نہیں کیا جا سکتا ہے جب تک کوئی دوسرا کھلاڑی زخمی نہ ہو جائے۔ پنت ہندوستانی ٹیم کے ساتھ اعلان کیے گئے پانچ آپشنل کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

ہندوستان کی گذشتہ چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف شاندار فتح میں سنچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر شیکھر دھون کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر ہے لیکن ٹیم نے ابھی تک انھیں عالمی کپ سے باہر نہیں کیا ہے۔ فی الحال شیکھر ٹیم انڈیا کے ساتھ ہیں اور ان کے زخم پر نظر رکھی جائے گی۔

شیکھر کے انگوٹھے میں فریکچر کی خبر آتے ہی گذشتہ روز کہا گیا تھا کہ وہ اس زخم کی وجہ سے کم از کم تین ہفتے تک کرکٹ سے دور رہیں گے اور عالمی کپ سے باہر بھی ہو جائیں گے۔ لیکن شام تک یہ بتایا جانے لگا کہ وہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف آئندہ دو میچ نہیں کھیل پائیں گے مگر رات میں یہ خبرآئی کہ شیکھر انگلینڈ میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور آخری فیصلہ کرنے سے پہلے ان کے انگوٹھے کے زخم کا طبی جائزہ لیا جائے گا۔

بی سی سی آئی اور ہندوستانی سلیکٹرز نے آئندہ ایک دو میچ تک ان کے زخم اور ان کی حالت کا جائزہ لیتے رہیں گے اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ لیکن ایک زخمی کھلاڑی کے سلسلے میں آئندہ میچوں میں اترنا ٹیم کے لحاظ سے اچھانہیں ہے۔

عالمی کپ کے لیے جب ہندوستانی ٹیم کا اعلان ہوا تھا تب پنت کا منتخب نہ کیا جانا بحث اور تنقید کا موضوع بن گیا تھا۔ ٹیم مینیجمنٹ کی درخواست پر پنت کو کور کے طور پر انگلینڈ بلایا گیا ہے۔ پنت نے گذشتہ ایک سال کے اندر بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں سنچری بھی بنائی تھی۔

سابق ہندوستانی اوپنر سنیل گواسکر سمیت کئی سابق قد آور کھلاڑیوں نے شیکھر کے باہر ہونے کی صورت میں ان کی جگہ پنت کو ٹیم میں شامل کرنے کی وکالت کی تھی۔ فی الحال تو لوکیش راہل شیکھر کی جگہ اوپننگ میں اتر سکتے ہیں اور درمیان میں دنیش کارتک کو اتارا جا سکتا ہے جنھیں عالمی کپ کی ٹیم کو منتخب کرنے میں پنت پر ترجیح دی گئی تھی۔ ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے بعد پاکستان سے اتوار کو اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلنا ہے جو ہندوستان کے لحاظ سے اس عالمی کپ کا سب سے بڑا مقابلہ ہے۔

پنت کو کور کے طور پر بلایا گیا ہے لیکن سمجھا جاتا ہے کہ سلیکٹرز کو میڈیکل ٹیم سے مثبت اشارے ملے ہیں کہ شیکھر ٹورنامنٹ کے بعد کے مرحلے میں کھیلنے کے لیے فٹ ہو سکتے ہیں اور ان کے انگلینڈ کے خلاف 30 جون کو کھیلنے کا امکان بن سکتا ہے۔ یہ بھی ہے کہ شیکھر اس ہفتے کے میچوں کے علاوہ 22 جون کو ساؤتھپٹن میں افغانستان کے خلاف اور 27 جون کو مانچسٹر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچوں سے باہر رہ سکتے ہیں۔ سلیکٹرز کو شیکھر دھن کو فٹ ہونے کے لیے وقت دینے میں کوئی اعتراض نہیں ہے اور وہ شیکھر کو انگلینڈ میچ تک فٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Jun 2019, 10:10 PM