رِنکو سنگھ کے والد کھچندر سنگھ کا انتقال، گریٹر نوئیڈا کے ہاسپٹل میں آخری سانس
کرکٹر رِنکو سنگھ کے والد کھچندر سنگھ کا طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ وہ اسٹیج چار جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور گریٹر نوئیڈا کے یتھراتھ ہاسپٹل میں زیر علاج تھے، جہاں انہوں نے آخری سانس لی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز رنکو کے والد کھچندر سنگھ کا طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ وہ اسٹیج چار جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور گزشتہ کئی دنوں سے گریٹر نوئیڈا کے یتھارتھ ہاسپٹل میں زیر علاج تھے، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی حالت گزشتہ ہفتے اچانک زیادہ خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ وہ کئی دنوں سے میکانیکل وینٹی لیٹر سپورٹ پر تھے اور انہیں مسلسل رینل ری پلیسمنٹ تھراپی دی جا رہی تھی۔ طبی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔ اس افسوسناک خبر کے بعد کرکٹ حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور مداح بڑی تعداد میں تعزیتی پیغامات ارسال کر رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے دوران رِنکو کو اچانک ٹیم کا ساتھ چھوڑ کر وطن واپس آنا پڑا تھا۔ ذرائع کے مطابق جب ان کے والد کی حالت تشویش ناک ہوئی تو وہ فوری طور پر گھر روانہ ہو گئے۔ اس دوران چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں وہ شریک نہیں ہوئے تھے، جبکہ ہندوستانی قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑی میدان میں موجود تھے۔ بعد ازاں تصدیق کی گئی کہ وہ والد کی علالت کے سبب واپس گئے ہیں۔
بدھ کے روز پریس کانفرنس میں ٹیم کے بیٹنگ کوچ ستانشو کوٹک نے بتایا تھا کہ رِنکو کے والد کی طبیعت ناساز ہے اور وہ جلد ٹیم سے دوبارہ جڑ جائیں گے۔ تاہم اب اس سانحے کے بعد یہ واضح نہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں آئندہ میچوں کے لیے کب دستیاب ہوں گے۔
اٹھائیس سالہ رِنکو اتر پردیش کے شہر علی گڑھ سے تعلق رکھتے ہیں اور محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت کے بل پر قومی سطح تک پہنچے۔ والد کا سایہ اٹھ جانا ان کے لیے بڑا صدمہ ہے۔ کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ہے اور دعا کی ہے کہ وہ اس دکھ کو حوصلے کے ساتھ برداشت کر سکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔