50 سال سے دیکھ رہے ہیں کرکٹ میچ، پاکستان کے ’کرکٹ چاچا‘

69 سالہ صوفی جلیل عرف چاچا کرکٹ برطانیہ کے دورے پر ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ 1999، 2009 کے ٹی 20 ورلڈکپ اور چمپئنز ٹرافی 2003اور2017 میں گراؤنڈ پر رہ کر اپنے جوشیلے انداز میں پاک ٹیم کا حوصلہ بڑھایا۔

تصویر سوشل میڈیا
i

لندن: انگلینڈ میں جاری کرکٹ کے عالمی میلے میں کرکٹ کے دیوانے عبدالجلیل المعروف ’چاچا کرکٹ‘ نے کرکٹ دیکھتے ہوئے اپنے 50 سال مکمل کرلیے ہیں۔

69 سالہ صوفی جلیل عرف چاچا کرکٹ برطانیہ کے بارہویں دورے پر ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ 1999، 2009 کے ٹی 20 ورلڈکپ اور چمپئنز ٹرافی 2003 اور 2017 میں گراؤنڈ میں رہ کر اپنے جوشیلے انداز میں پاکستانی ٹیم کا حوصلہ بڑھایا۔


اس موقع پر چاچا کرکٹ نے بتایا کہ انہیں کرکٹ دیکھتے اور پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرتے 50 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہاں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے آیا ہوں اور چمپئن ٹرافی کی طرح ورلڈکپ بھی پاکستانی ٹیم کے نام ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے یہ دن پاکستانی شائقین کے لیے اچھا ثابت نا ہوسکا تاہم اس کے باوجود ٹرینٹ بریج اسٹیڈیم میں چاچا کرکٹ کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی اور اپنے مخصوص انداز ’جیتے گا بھئی جیتے گا پاکستان جیتے گا‘ اور 'زور سے بولو زور سے کھیلو' کے نعروں سے ٹیم اور شائقین کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

چاچا کرکٹ نے اپنا پہلا میچ 1969 میں پاکستان اور انگلینڈ کا دیکھا تھا جب وہ صرف 19 سال کے تھے۔ اس کے بعد سے ہر میچ میں پاکستان کے قومی لباس میں ملبوس چاچا کرکٹ کو دیکھا جانے لگا۔ ورلڈکپ کے دوران چاچا کرکٹ کو گلوبل اسپورٹس فین ایوارڈ سے بھی نوازا جائیگا انہیں یہ ایوارڈ 14 جون کو مانچسٹر میں دیا جائے گا۔ چاچا کرکٹ کے مطابق یہ ایوارڈ پاکستان کے لیے اعزاز ہوگا۔


پاکستانی کرکٹ ٹیم کے میچوں میں اپنے ملکی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے سفید باریش تماشائی ایک منفرد حیثیت کے حامل ہیں۔ یہ داڑھی والی شخصیت پاکستان اور دنیا کے کئی ملکوں میں چاچا کرکٹ کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔

پاکستانی ٹیم کی بڑی شکست کے بعد چاچا کرکٹ کے جذبے میں کمی نہیں ہوئی اور انہیں یقین ہے کہ پاکستانی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ کرکٹ میدان میں چاچا کرکٹ کے داخل ہونے کے بعد دوسرے تماشائی ان کے ساتھ سیلفیاں بنانے کو پسند کرتے ہیں۔ وہ میچ شروع ہوتے ہی اپنے مخصوص رنگ میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے نعرے بازی شروع کر دیتے ہیں۔


چاچا کرکٹ پاکستان کے روایتی شلوار قمیض میں ملبوس ہوتے ہیں۔ یہ لباس پاکستان کے قومی پرچم کے رنگوں کے مطابق ہوتا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jun 2019, 10:10 PM