سرفراز خان کی نصف سنچری پر بیگم نے چہرہ سے نقاب ہٹا کر بجائی تالیاں، آنکھوں میں خوشی کے آنسو

اپنے پہلے میچ میں سرفراز خان نے 66 گیندوں پر 62 رن کی اننگ کھیلی، وہ رویندر جڈیجہ کی ایک غلط پکار پر افسوسناک طریقے سے رَن آؤٹ ہو گئے۔

<div class="paragraphs"><p>سرفراز خان اور ان کی شریک حیات</p></div>

سرفراز خان اور ان کی شریک حیات

user

تنویر

سرفراز خان کو بہت انتظار کے بعد ہندوستان کے لیے کھیلنے کا موقع ملا اور انھوں نے نہ ہی اپنے شیدائیوں کو مایوس کیا اور نہ ہی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو۔ اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں ہی انھوں نے 66 گیندوں پر 62 رن کی اننگ کھیلی۔ وہ بہت شاندار دکھائی دے رہے تھے، لیکن رویندر جڈیجہ کی ایک غلط پکار پر افسوسناک طریقے سے رَن آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت جڈیجہ 99 رن پر کھیل رہے تھے اور ایک رَن لینے کی پہلے کوشش کی، اور پھر گیند مارک ووڈ کے ہاتھ میں دیکھ کر رُک گئے۔ لیکن اس پکار پر سرفراز تقریباً نصف پچ تک پہنچ گئے تھے اور نتیجہ یہ ہوا کہ ووڈ کا ڈائریکٹ تھرو وکٹ پر لگا اور سرفراز کو پویلین کی طرف بڑھنا پڑا۔ اس وقت کپتان روہت شرما ڈریسنگ روم میں انتہائی ناخوش نظر آئے اور اپنے سر سے ٹوپی اتار کر زمین پر پٹخ دیا۔

بہرحال، اس سے قبل سرفراز خان نے شاندار نصف سنچری محض 48 گیندوں پر مکمل کر لی۔ ان کی اس لاجواب اننگ کا پویلین میں موجود سبھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہو کر تالی بجاتے ہوئے استقبال کیا۔ یہ میچ سرفراز کے والد (نوشاد) اور شریک حیات بھی دیکھنے پہنچی تھیں اور وہ دونوں بھی کھڑے ہو کر تالی بجاتے اور بوسہ اچھالتے ہوئے دیکھے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سرفراز کی بیگم جب میچ شروع ہونے سے پہلے اپنے شوہر کو ’ٹیسٹ کیپ‘ ملنے پر مبارکباد دے رہی تھیں تو حجاب میں صرف ان کی آنکھیں دکھائی دے رہی تھیں۔ میچ دیکھنے کے دوران جب بھی کیمرہ ان کی طرف گیا تو وہ اسی انداز میں بیٹھی تھیں، لیکن جب سرفراز نے نصف سنچری مکمل کی تو وہ کھڑی ہو کر تالیاں بجانے لگیں اور اپنے چہرہ سے نقاب ہٹا دیا۔ ان کی مسکراہٹ سے صاف نظر آ رہا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی اس اننگ سے کس قدر خوش ہیں۔ ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو بھی تھے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی تھی۔


سرفراز خان نے آج اپنی اننگ کے دوران اسپن گیندبازوں اور تیز گیندبازوں دونوں کو ہی بہت اچھے انداز میں کھیلا۔ انھیں کوئی بھی گیندباز آؤٹ نہیں کر سکا، رَن آؤٹ ہونے کی وجہ سے وہ پویلین لوٹے۔ 66 گیندوں پر 62 رنوں کی اننگ کے دوران سرفراز خان نے ایک چھکا اور 9 چوکے لگائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔