ڈبل سنچری سے محروم ہونے پر زیادہ افسوس نہیں: ڈیرل مچل

آخری وکٹ کے لیے ٹرینٹ بولٹ کے ساتھ 33 رنوں کی شراکت داری کے بعد مچل 190 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل
نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل
user

یو این آئی

لندن: انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 190 رن بنانے والے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے کہا ہے کہ ڈبل سنچری سے زیادہ ٹیم کے لیے کردار ادا کرنا اہم ہے۔ مچل نے ناٹنگھم ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد کہا کہ "سچ کہوں تو ذاتی طور پر ڈبل سنچری اسکور کرنا زیادہ معنی نہیں رکھتا۔ ایسے اسکور میں تعاون دینا اچھا تھا جو ہمیں ٹیسٹ میچ میں جیتنے میں مدد کرسکے۔ میرے لئے سنچری کافی ہے، اس لئے میں ٹیم کے لئے اچھا کام کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ آخر میں بولٹی (ٹرینٹ بولٹ) کے ساتھ بیٹنگ کرنا ہمیشہ اچھا ہوتا ہے، وہ ہمیشہ تھوڑی تفریح کرا دیتے ہیں۔"

آخری وکٹ کے لیے ٹرینٹ بولٹ کے ساتھ 33 رنوں کی شراکت داری کے بعد مچل 190 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔ مچل کے آؤٹ ہونے سے پہلے، بولٹ نے نمبر 11 پر سب سے زیادہ ٹیسٹ رن بنانے کے متھیا مرلی دھرن کے ریکارڈ کی برابری بھی کرلی تھی۔ دونوں نے ٹیسٹ میں 11ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 623 رن بنائے ہیں۔


مچل نے مسکراتے ہوئے کہا کہ "میں نے پچھلے دو مہینے ٹرینٹ کے ساتھ آئی پی ایل میں گزارے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ اس نے ہر روز اس کا ذکر کیا ہے کہ وہ یہ ریکارڈ توڑنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک حیرت انگیز کامیابی ہے۔ یہ کچھ ایسا ہے جس پر ہم نے یقینی طور پر گزشتہ دو مہینے سے آئی پی ایل میں کئی بار کافی پیتے ہوئے بات چیت کی ہے۔ شاید وہ اب نمبر 10 کا ریکارڈ توڑنا چاہیں گے، کون جانتا ہے؟"

مچل نے بولٹ کے علاوہ ٹام بلینڈل (106) کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 236 رن کی شراکت داری کی، جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ 533 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کر پائی۔ نیوزی لینڈ کے جواب میں، انگلینڈ نے دوسرے دن کے اختتام تک 90/1 بنالئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔