چوتھے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دی 115 رنوں سے شکست، سیریز میں حاصل کی 3-1 کی برتری
فن ایلن (50) کی نصف سنچری، ٹِم سیفرٹ (44) اور کپتان مائیکل بریسویل (ناٹ آوٹ 46) کی شاندار بلے بازی کے بعد جیکب ڈفی (4 وکٹ) اور زکری فاکس (3 وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے جیت حاصل کی۔

نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑی جیت کا جشن مناتے ہوئے، تصویر@BLACKCAPS
ماؤنٹ مونگانوئی میں اتوار (23 مارچ) کو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان چوتھا ٹی20 میچ کھیلا گیا۔ جس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 115 رنوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-1 سے برتری حاصل کر لی ہے۔ فن ایلن (50) کی طوفانی نصف سنچری، ٹِم سیفرٹ (44) اور کپتان مائیکل بریسویل (ناٹ آوٹ 46) کی شاندار بلے بازی کے بعد جیکب ڈفی (4 وکٹ) اور زکری فاکس (3 وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے شاندار جیت حاصل کی۔
221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات انتہائی خراب رہی، اور صرف 2 اوورز میں 9 کے اسکور پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھا۔ محمد حارث (2) کو ولیم او رورک نے بولڈ کیا، جبکہ حسن نواز (1) اور آغا سلمان (1) کو جیکب ڈفی نے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے عرفان خان نے کریز پر رکنے کی کوشش کی، لیکن نیوزی لینڈ کے شاندار بولنگ اٹیک کے سامنے کوئی بھی پاکستانی بلے باز زیادہ دیر تک نہیں ٹھہر سکا۔ شاداب خان (1)، خوشدل شاہ (6)، عباس آفریدی (1) اور شاہین شاہ آفریدی (6) معمولی اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عرفان خان نے پاکستان کے لیے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کا نواں وکٹ حارث رؤف (6) کے طور پر گرا، جنہیں جیکب ڈفی نے آؤٹ کیا۔ ٹیم کی جانب سے عبد الصمد نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے۔ ایش سوڈھی نے 17ویں اوور کی دوسری گیند پر صمد کو آؤٹ کر کے پاکستان کی اننگز 105 پر سمیٹ دی۔ عبدالصمد نے 30 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے چار اور فاکس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ولیم اورورک، ایش سوڈھی اور جمی نیشم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
چوتھے ٹی20 میں پاکستان کے کپتان آغا سلمان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری نیوزی لینڈ کی اوپننگ جوڑی فِن ایلن اور ٹِم سیفرٹ نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 59 رنز کی طوفانی شراکت داری کی۔ حارث رؤف نے ٹِم سیفرٹ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ٹِم سیفرٹ نے 22 گیندوں پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
9ویں اوور میں حارث رؤف نے 16 گیندوں پر 24 رنز بنانے والے مارک چیپ مین کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ گیارہویں اوور میں عباس آفریدی نے فِن ایلن کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو بڑا جھٹکا دیا۔ فِن ایلن نے 20 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ جیمز نیشم (3) اور مچل ہے (3) کو معمولی اسکور پر آؤٹ کر کے پاکستانی گیند بازوں نے میچ میں واپسی کی۔ مچل ہےکے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے کپتان مائیکل بریسویل نے ڈیرل مچل کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور تیز رفتاری سے رنز بھی بٹورے۔
انیسویں اوور کی دوسری گیند پر حارث رؤف نے ڈیرل مچل (29) کو آؤٹ کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔ مائیکل بریسویل نے 26 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 46 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ فاکس 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں، جبکہ ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عباس آفریدی نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔