افغانستان کے خلاف میکسویل کا طوفان پاکستان کے لیے خوش آئند، بنگلورو میں بارش ہوئی تو ہوگا مزید فائدہ

گلین میکسویل کی ڈبل سنچری نے پاکستان کو بہت مدد دی۔ اب اگر سری لنکا نیوزی لینڈ کو ہرا دے یا پھر بنگلورو میں بارش ہو جائے تو پاکستان کے وارے نیارے ہو جائیں گے!

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: افغانستان کے خلاف تقریباً ہارے ہوئے میچ میں آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نمبر 6 پر آئے اور انہوں نے ایک یادگار اننگز کھیل کر اپنی جیت کو تاریخی فتح سے ہم کنار کیا۔ افغانستان کی جانب سے دیئے گئے 292 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میکسویل نے اکیلے ہی 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو نہ صرف میچ جتوایا بلکہ اسے سیمی فائنل تک بھی پہنچایا۔ گلین میکسویل کی اس ڈبل سنچری سے نہ صرف آسٹریلیا بلکہ پاکستان کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔

اگر افغانستان کی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دے دیتی تو پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنا بہت مشکل ہو جاتا۔ گلین میکسویل کی طوفانی اور تاریخی اننگز نے پاکستان کے لیے سیمی فائنل کی راہ آسان کر دی ہے۔ اب پاکستانی ٹیم کو امید ہے کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ کے دوران بنگلورو میں بارش ہو جائے!


دراصل افغانستان کو شکست دینے کے بعد آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ اب سیمی فائنل کے لیے صرف ایک جگہ خالی ہے اور اس کے لیے تین دعویدار ہیں نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان۔ ان تینوں ٹیموں کے پاس سیمی فائنل تک رسائی کا موقع ہے اور تینوں ٹیموں کے 8 پوائنٹس ہیں اور سبھی کا ایک ایک میچ باقی ہے۔

پاکستان کو اب افغانستان سے زیادہ خوف نہیں ہے کیونکہ آسٹریلیا سے ہارنے کے بعد ان کا نیٹ رن ریٹ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مقابلے بہت کم ہو گیا ہے۔ ایسے میں دیگر دو ٹیموں سے آگے نکلنے کے لیے انہیں اگلے میچ میں بڑی جیت حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستان کے لیے اگلا مسئلہ نیوزی لینڈ کا ہے جس کا آخری میچ سری لنکا کے خلاف بنگلورو میں کھیلا جائے گا اور اس میچ کے روز بنگلورو میں بارش کا امکان ہے۔


بنگلورو کے میدان پر اگر بارش ہوتی ہے اور نیوزی لینڈ بمقابلہ سری لنکا میچ منسوخ ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم زیادہ سے زیادہ صرف 9 پوائنٹس حاصل کر سکے گی۔ اس کے بعد اگر پاکستان انگلینڈ کو شکست دیتا ہے تو اس کے 10 پوائنٹس ہو جائیں گے اور وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ اگر بارش نہیں ہوتی اور میچ مکمل ہو جاتا ہے تو پاکستان کی خواہش ہوگی کہ سری لنکا نیوزی لینڈ کو شکست دے دے لیکن ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایسا ممکن نظر نہیں آتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔