میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان، لیکن فرنچائزی کرکٹ میں جاری رہے گا جلوہ
میکسویل نے ’فائنل ورلڈ پوڈکاسٹ‘ پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اگرچہ تھوڑا افسوسناک ہے، لیکن اس کی توقع پہلے سے تھی۔

آسٹریلیا کے جارحانہ آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پیر کی دیر رات انہوں نے اپنے اس فیصلے کی اطلاع دی۔ میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے 286 بین الاقوامی میچ کھیلے، جن میں 7226 رن بنانے کے ساتھ 136 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وہ 2015 اور 2023 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلیائی ٹیم کا حصہ رہے۔ اس کے علاوہ 2021 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں بھی شامل تھے۔
میکسویل نے ’فائنل ورلڈ پوڈکاسٹ‘ پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اگرچہ تھوڑا افسوسناک ہے، لیکن اس کی توقع پہلے سے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’بین الاقوامی کرکٹ اور وکٹوریہ کے لیے گھریلو 50 اوور اور 4 روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے مجھے کچھ افسوس ہو رہا ہے، لیکن یہ فیصلہ تقریباً طے تھا۔ ریڈ بال کرکٹ سے رخصتی شاید کسی کو حیران نہیں کرے گی۔‘‘ میکسویل نے مزید بتایا کہ آسٹریلیائی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ اس فیصلے کے بارے میں پہلے بھی کئی بار بات چیت ہو چکی تھی۔ ٹی-20 ورلڈ کپ کے بعد ان کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا، لیکن ان پر کسی طرح کا دباؤ نہیں ڈالا گیا۔ ٹیم انتظامیہ مستقبل کی تیاریوں میں مصروف تھی اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دے رہی تھی۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا گیا، جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
میکسویل کے کیریئر کی سب سے یادگار اننگ 2023 کے ونڈے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف دیکھنے کو ملی تھی۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں آسٹریلیا 292 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 91 رن پر 7 وکٹیں گنوا چکا تھا۔ ٹیم کی شکست تقریباً یقینی نظر آ رہی تھی، لیکن میکسویل نے تن تنہا میچ کا رخ پلٹ دیا۔ انہوں نے 128 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 201 رن بنا ڈالے۔ اس دوران ان کے بلے سے 21 چوکے اور 10 چھکے نکلے۔ خاص بات یہ تھی کہ پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث میکسویل بیشتر وقت ٹھیک سے دوڑ بھی نہیں پا رہے تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کے لیے ناٹ آؤٹ 202 رنوں کی شراکت داری کر دی۔ کمنز نے 68 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 12 رن بنائے، جبکہ میکسویل نے طوفانی دوہری سنچری بنا کر آسٹریلیا کو 3 وکٹوں سے تاریخی جیت دلا دی۔ آسٹریلیا نے یہ مقابلہ 19 گیندیں باقی رہتے جیت لیا۔ میکسویل کی اس اننگ کو ونڈے کرکٹ کی غیر معمولی ترین اننگز میں شمار کیا جاتا ہے۔
میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے سے پہلے جون 2025 میں ونڈے کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیا تھا۔ ہندوستان کے خلاف دبئی میں کھیلا گیا چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل ان کا آخری ونڈے مقابلہ تھا۔ اس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اپریل 2026 میں اعلان کردہ مرکزی معاہدوں کی فہرست میں بھی انہیں جگہ نہیں دی تھی۔ رواں سال کھیلے گئے ٹی-20 ورلڈ کپ میں میکسویل آخری بار آسٹریلیا کی جرسی میں نظر آئے تھے۔ آسٹریلیائی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے سے ہی باہر ہو گئی تھی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف ٹی-20 سیریز کے لیے بھی انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
بین الاقوامی کرکٹ اور وکٹوریہ کے لیے گھریلو 50 اوور اور 4 روزہ کرکٹ سے کنارہ کشی کے باوجود میکسویل نے فرنچائز کرکٹ کے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔ حالیہ دنوں میں وہ دنیا کی مختلف ٹی-20 لیگز میں کھیلتے نظر آئے ہیں۔ ستمبر میں انہوں نے یوروپین ٹی-20 پریمیئر لیگ کے پہلے سیزن میں بیلفاسٹ وولوز کی نمائندگی کی تھی۔ اس کے چند دن بعد وہ وکٹوریہ کی جانب سے 2 ونڈے کپ مقابلوں میں بھی کھیلے۔ میکسویل نے بتایا کہ وکٹوریہ کے لیے اپنا آخری ونڈے مقابلہ کھیلنے کے بعد جب انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو اس فیصلے کی اطلاع دی تو وہ جذباتی ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹوریہ کے کھلاڑیوں اور ریاست نے ان کے پورے کیریئر کے دوران بھرپور تعاون کیا ہے۔ اس دوران ان کی آنکھیں بھی نم ہو گئی تھیں۔ میکسویل نے کہا کہ اب وہ اپنے جسم پر کچھ زیادہ توجہ دینا چاہتے ہیں، تاکہ اپنے کیریئر کے باقی ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے لیے خود کو فٹ رکھ سکیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
