’ایشین گیمز 2026‘ میں ہوا بڑا الٹ پھیر، نیپال نے افغانستان کو 5 وکٹ سے دی شکست

افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے صرف 102 رن بنائے۔ جواب میں نیپال کی ٹیم نے 18ویں اوور میں ہی ہدف کے لیے ضروری 103 رن محض 5 وکٹ کے نقصان پر بنا لیے۔

<div class="paragraphs"><p>نیپال کے بلے باز روہت پوڈیل، تصویر ’ایکس‘ @ICC</p></div>
i

’ایشین گیمز 2026‘ میں مردوں کے کرکٹ مقابلوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو میدان میں اترنے میں ابھی وقت ہے، لیکن اس سے پہلے دیگر ٹیموں کے درمیان مقابلے جاری ہیں۔ انہی میں سے ایک میچ میں آج ایک حیرت انگیز نتیجہ دیکھنے کو ملا۔ آئیچی-ناگویا میں جاری کھیلوں میں کرکٹ کے گروپ راؤنڈ کے ایک میچ میں نیپال نے اپنے سے زیادہ مضبوط سمجھی جانے والی افغانستان کی ٹیم کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ اسپنر کشل بھرتیل کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیپال نے اپنے پہلے ہی میچ میں کامیابی حاصل کی۔

نیشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے اس مقابلے میں افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے صرف 102 رن بنائے۔ اپنے کئی اہم کھلاڑیوں کے بغیر ایشین گیمز میں پہنچی افغانستان کی ٹیم کے بلے بازوں کو نیپال کے اسپن گیند بازوں کے سامنے جدوجہد کرنی پڑی۔ تجربہ کار بلے باز نجیب اللہ زدران اور فیصل خان نے 30-30 رن بنائے، لیکن اس کے لیے انہوں نے کافی گیندیں کھیلیں۔ نیپال کے لیگ اسپنر کشل بھرتیل نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 4 وکٹ حاصل کیے۔


اس کے بعد نیپال کی بلے بازی شروع ہوئی، لیکن صرف 31 رنز پر اس کے بھی 3 وکٹ گر گئے۔ پھر سندیپ جورا اور سابق کپتان روہت پوڈیل نے مل کر آہستہ آہستہ شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو 18ویں اوور میں ہدف تک پہنچا دیا۔ نیپال نے یہ میچ 5 وکٹ سے جیت لیا۔ یہ نیپال کا پہلا ہی میچ تھا اور اس میں ٹیم کو کامیابی ملی۔ وہیں افغانستان کی 2 میچوں میں یہ پہلی شکست تھی۔

جہاں تک پوائنٹس ٹیبل کا سوال ہے، اس میں افغانستان اب بھی پہلے مقام پر ہے، کیونکہ اس نے اپنا پہلا میچ بڑے فرق سے جیتا تھا۔ اس گروپ میں نیپال دوسرے مقام پر ہے۔ اس شکست کے باوجود افغانستان کا اگلے راؤنڈ میں پہنچنا تقریباً یقینی ہے، کیونکہ ہر گروپ سے 2 ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی۔ آخری میچ میں جاپان کا مقابلہ نیپال سے ہوگا، لیکن اس میچ کے نتیجے کا بھی افغانستان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ جاپان اور نیپال کے میچ میں جو ٹیم کامیاب ہوگی، وہ اگلے راؤنڈ میں پہنچے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔