میجر لیگ کرکٹ 2026: لاس اینجلس نائٹ رائڈرز نے جیتا خطاب، ٹیم کے مالک شاہ رخ خان نے کھلاڑیوں کو دی مبارکباد
شاہ رخ خان نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’سچ میں کمال کا مظاہرہ۔ آپ سب نے کہا تھا کہ ہم یہاں صرف حصہ لینے نہیں، بلکہ جیتنے آئے ہیں اور آپ نے یہ کر کے دکھایا۔ آپ سب کے لیے بہت سارا پیار۔ کوربو لوربو جیتبو!‘‘
میجر لیگ کرکٹ 2026 کا خطاب لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز نے اپنے نام کر لیا ہے۔ ٹیم نے فائنل مقابلے میں واشنگٹن فریڈم کو محض ایک رن سے شکست دی۔ 164 رنز کا دفاع کرتے ہوئے سنیل نارائن نے شاندار گیند بازی کی، انہوں نے 14ویں اوور تک اپنا اسپیل مکمل کر لیا تھا۔ نارائن نے اپنے 4 اوورز میں صرف 13 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 15ویں اوور میں جیسن ہولڈر نے صرف 4 رن دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں، جس سے لگا کہ نائٹ رائیڈرز آسانی سے میچ جیت جائے گا، لیکن اوبس پینار کی طوفانی اننگز نے میچ کو آخری گیند تک سنسنی خیز بنائے رکھا۔
نائٹ رائیڈرز کی جانب سے علی خان نے 19واں اوور پھینکا، جس میں 15 رنز آئے۔ 18ویں اوور میں بھی 15 رنز بنے تھے، جس کی وجہ سے آخری اوور میں میچ انتہائی دلچسپ موڑ پر پہنچ گیا۔ اب آخری 6 گیندوں پر جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے، واشنگٹن فریڈم کی 4 وکٹیں باقی تھیں اور اسٹرائیک پر 47 رنز بنا کر کھیل رہے اوبس پینار موجود تھے۔ وان شالکویک نے آخری اوور ڈالا، جس کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگ گیا۔ اب 5 گیندوں میں 8 رنز درکار تھے، لیکن دوسری گیند پر وان شالکویک نے اوبس پینار کی وکٹ لے کر بازی ہی پلٹ دی۔ انہوں نے اگلی ہی گیند پر نئے آنے والے بلے باز ہالینڈ کو بھی آؤٹ کر دیا۔ فرگوسن نے چوتھی گیند پر چوکا مار دیا، لیکن اگلی گیند پر وہ صرف ایک رن ہی لے سکے۔
آخری گیند ملانتھا کو ملی، وہ بڑی باؤنڈری لگا کر میچ جیت سکتے تھے اور 2 رنز لے کر میچ ڈرا کر سکتے تھے۔ وہ باؤنڈری تو نہ لگا سکے، لیکن انہوں نے پہلا رن مکمل کر لیا، جبکہ دوسرے رن کی کوشش میں وہ رن آؤٹ ہو گئے اور لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز نے یہ فائنل مقابلہ محض ایک رن سے جیت لیا۔ اس سے قبل سنیل نارائن نے شروع میں شاندار گیند بازی کی تھی، انہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 13 رنز دیے اور 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
کپتان جیسن ہولڈر نے بھی 3 وکٹیں لیں۔ علی خان اور آندرے رسل کو کوئی وکٹ نہ مل سکی، جبکہ شادلے وان شالکویک نے 2 وکٹیں تو لیں لیکن وہ کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 50 رنز لٹائے۔ سنیل نارائن کو پلیئر آف دی میچ اور میجر لیگ کرکٹ 2026 کا پلیئر آف دی ٹورنامنٹ منتخب کیا گیا۔ اس سے قبل لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 164 رنز بنائے تھے۔ ان کے اوپنرز کولن منرو (40) اور آندرے فلیچر (47) نے ٹیم کو شاندار شروعات فراہم کی، دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔
ٹیم کے مالک شاہ رخ خان نے خطاب جیتنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے سنیل نارائن، جیسن ہولڈر اور آندرے رسل کو ٹیگ کرتے ہوئے پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور لکھا کہ ’’سچ میں کمال کا مظاہرہ۔ آپ سب نے کہا تھا کہ ہم یہاں صرف حصہ لینے نہیں، بلکہ جیتنے آئے ہیں اور آپ نے یہ کر کے دکھایا۔ آپ سب کے لیے بہت سارا پیار۔ کوربو لوربو جیتبو!‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
