’لاس اینجلس نائٹ رائڈرز‘ کو ملا ہوم گراؤنڈ، شاہ رخ خان نے آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کا ادا کیا شکریہ
شاہ رخ خان ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’جو ایک خواب تھا وہ آج حقیقت بن گیا ہے۔ آپ سب کا لاس اینجلس کے نائٹ رائڈرز کرکٹ گراؤنڈ میں استقبال ہے۔ جے بھائی کا خاص شکریہ، جو اس سفر میں بہت مددگار رہے ہیں۔‘‘

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنے ایک خواب کی تکمیل پر آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ دراصل ان کے مالکانہ حق والی ٹیم ’لاس اینجلس نائٹ رائڈرز‘ کا اسٹیڈیم بن کر تیار ہو گیا ہے۔ یہ لاس اینجلس کے پومونا میں ہے، جسے صرف 100 دنوں کے اندر تیار کر دیا گیا۔ اسے امریکی کرکٹ کے لیے بڑا اور اچھا قدم مانا جا رہا ہے۔ اسی اسٹیڈیم میں اولمپکس کے میچ بھی ہوں گے۔
شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اسٹیڈیم کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خواب تھا جو حقیقت میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر جے شاہ کا شکریہ ادا کیا، جو ابھی آئی سی سی کے چیئرمین کے عہدے پر ہیں۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ یہ جگہ صرف ایک کھیل کا میدان نہیں بلکہ تفریح کے لیے بھی ہوگی اور یہاں لوگ اپنی یادیں بنائیں گے۔
لاس اینجلس نائٹ رائڈرز کے مالک شاہ رخ خان ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’جو ایک خواب تھا وہ آج حقیقت بن گیا ہے۔ آپ سب کا لاس اینجلس کے نائٹ رائڈرز کرکٹ گراؤنڈ میں استقبال ہے۔ یہ جگہ صرف کھیل کے لیے نہیں، بلکہ تفریح اور خاندان والوں کے لیے بھی بنائی گئی ہے اور ایسی یادوں کے لیے جو ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’جے بھائی کا خاص شکریہ، جو اس سفر میں بہت مددگار رہے ہیں۔ سنجوگ گپتا کا بھی شکریہ جنہوں نے اتنا تعاون دیا۔ یہ ایل اے، دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اور نائٹ رائڈرز خاندان کے لیے ہے۔ پرپل اور گولڈ پر بھروسہ رکھیں۔ ایل اے نائٹ رائڈرز کے ہوم گراؤنڈ میں آپ کا استقبال ہے۔‘‘
واضح رہے کہ لاس اینجلس نائٹ رائڈرز کا یہ اسٹیڈیم صرف 100 دنوں میں تیار کر دیا گیا، جس کے لیے تقریباً 32 ہزار میٹرک ٹن مٹی ہٹائی گئی تھی۔ یہاں اب بھی کام چل رہا ہے، دوسرے مرحلے میں یہاں ایک ٹریننگ سنٹر اور پریکٹس کی جگہ تیار کی جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں اسے حتمی شکل دی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
