جو روٹ کی شاندار بلے بازی، انگلینڈ نے دوسرا ون ڈے جیتا
جو روٹ ہندوستان کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی طرح کھڑے رہے۔ انہوں نے دوسرے ون ڈے میں رن کے تعاقب میں ناقابل شکست 99 رنز بنا کر انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
جو روٹ نے انگلینڈ کوہندوستان کے خلاف چار وکٹوں سے شکست دینے میں مدد کی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 44 اوورز میں 233 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا، وکٹیں گرتی رہیں لیکن تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے جو روٹ مضبوط دیوار کی طرح ایک سرے پر ڈٹے رہے۔ جوروٹ نے 133 گیندوں پر 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں نو چوکے شامل تھے۔
ہندوستان کے خلاف مسلسل چھ ون ڈے ہارنے کے بعد انگلینڈ نے آخر کار اپنا ساتواں میچ جیت لیا۔ پچھلے ون ڈے میں ہندوستان کے خلاف جیت 2022 میں ملی تھی۔ اب چار سال کے انتظار کے بعد آخر کار انگلش ٹیم نے ہندوستان کے خلاف 50 اوور کا میچ جیت لیا۔
234 کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی شروعات خراب رہی۔ انہوں نے اننگز کی پہلی گیند پر اپنی پہلی وکٹ بین ڈکٹ کی شکل میں صفر اور دوسری، جیکب بیتھل کی آٹھ رنز پر گنوائی۔ اس کے بعد تیسری وکٹ 53، چوتھی 94 اور پانچویں وکٹ 125 کے سکور پر گری جس کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کے لیے فتح انتہائی مشکل ہو گی۔
اس وقت جو روٹ نے ول جیکس کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت قائم کر کے فتح کی نئی امیدیں جگائیں۔ انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 197 پر گری، جب جیکس نے 44 گیندوں پر 30 رنز بنائے، جس میں دو چوکے بھی شامل تھے۔ اس کے بعدجو روٹ نے ساتویں وکٹ کے لیے 38 رنز کی ناقابل شکست شراکت میں گس اٹکنسن کے ساتھ مل کر ٹیم کو آگے بڑھایا۔ ٹیم انڈیا کے لیے تیز گیند باز گرنور برار نے 10 اوور میں 67 رنز دے کر دو وکٹ لیے۔ جسپریت بمراہ، پرسدھ کرشنا، اکشر پٹیل اور شیوم دوبے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
