آئی سی سی رینکنگ میں بمراہ پھر سے دنیا کے نمبر 1 بولر، یشسوی اور کوہلی کو بھی فائدہ

جسپریت بمراہ آئی سی سی رینکنگ میں دوبارہ دنیا کے نمبر 1 بولر بن گئے۔ کوہلی اور یشسوی جیسوال کو بھی بیٹنگ رینکنگ میں ترقی ملی، سراج نے بھی 25ویں پوزیشن حاصل کی

جسپریت بمراہ / ٹوئٹر
جسپریت بمراہ / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

پرتھ ٹیسٹ میں ہندوستان کی 295 رنز کی شاندار فتح کے بعد آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کو بڑا فائدہ پہنچا اور جسپریت بمراہ 8 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوبارہ دنیا کے نمبر 1 ٹیسٹ بولر بن گئے۔ بمراہ نے اس کامیابی کے دوران دو درجے کی ترقی کی اور جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل وُڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بمراہ پہلی بار فروری 2024 میں انگلینڈ کے خلاف وشاکھاپٹنم ٹیسٹ کے دوران نمبر 1 بنے تھے اور اب وہ پھر سے آئی سی سی کی بولنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔ تیز گیند باز محمد سراج نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 درجے ترقی کے ساتھ 25ویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے پرتھ ٹیسٹ میں 5 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔


ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں ہندوستانی بلے باز یشسوی جیسوال نمبر 2 پر پہنچ گئے ہیں۔ پرتھ ٹیسٹ میں ان کی شاندار سنچری نے میچ کا رخ بدل دیا اور انہیں کیریئر کی بہترین 825 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے میں مدد ملی۔ اب وہ انگلینڈ کے جو روٹ سے صرف 78 پوائنٹس پیچھے ہیں۔

ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے بھی پرتھ ٹیسٹ میں 30ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کرنے کے بعد نو درجے ترقی کر کے 13ویں پوزیشن حاصل کی۔ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون بدستور ٹاپ 2 پوزیشنز پر موجود ہیں، حالانکہ وہ اس میچ میں شامل نہیں ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔