جموں و کشمیر نے رقم کی تاریخ، پہلی بار رنجی ٹرافی کا خطاب کیا اپنے نام، عاقب نبی ڈار بنے پلیئر آف دی سیریز
سینئر کھلاڑیوں سے سجی کرناٹک کی ٹیم کو جموں و کشمیر نے شکست دے کر پہلی بار رنجی ٹرافی کا خطاب جیتا ہے۔ کرناٹک کی ٹیم میں کے ایل راہل، مینک اگروال، کرون نائر، دیودت پڈیکل اور پرسدھ کرشنا شامل تھے۔
جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ پارس ڈوگرا کی کپتانی میں جموں و کشمیر رنجی ٹرافی کا چمپئن بن گیا ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کی ٹیم پہلی بار رنجی ٹرافی کے فائنل میں پہنچی تھی اور کرناٹک جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر چمپئن بن گئی۔ 26-2025 رنجی ٹرافی کا فائنل مقابلہ ڈرا رہا، لیکن پہلی اننگ میں برتری کی وجہ سے جموں اور کشمیر کو چمپئن قرار دے دیا گیا۔
رنجی ٹرافی کے فائنل مقابلے میں جموں و کشمیر نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگ میں 584 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں کرناٹک کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 293 رن ہی بنا سکی۔ اس طرح جموں و کشمیر کو پہلی اننگ میں 291 رنوں کی بڑی برتری حاصل ہو گئی۔ اس کے باوجود بھی جموں و کشمیر نے کرناٹک کو فالو آن نہیں دیا۔ جموں و کشمیر کی ٹیم خود بلے بازی کرنے آئی اور دوسری اننگ میں 4 وکٹ پر 342 رن بنائے۔ پھر دونوں ٹیم کے کپتان میچ کو ڈرا کرنے پر راضی ہو گئے اور اس طرح سے جموں و کشمیر پہلی بار چمپئن بنا۔ یہ جموں و کشمیر کا پہلا رنجی ٹرافی کا خطاب ہے، جو اس ٹیم کے لیے تاریخی کامیابی ہے۔ جموں و کشمیر نے اس طرح سے رنجی ٹرافی جیتنے کا 67 سالہ طویل انتظار ختم کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ خطابی مقابلے میں کرناٹک کی ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی تھے جو ہندوستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ اس میں کے ایل راہل، مینک اگروال، کرون نائر، دیودت پڈیکل اور پرسدھ کرشنا شامل تھے۔ مینک اگروال نے پہلی اننگ میں 160 رنوں کی شاندار اننگ بھی کھیلی تھی۔ مینک اگروال کے علاوہ کے ایل راہل 13، دیودت پڈیکل 11 اور کرون نائر صفر نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پرسدھ کرشنا پہلی اننگ میں 5 اور دوسری اننگ میں 2 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
جموں و کشمیر کے لیے فائنل میں شبھم پُنڈیر نے پہلی اننگ میں 121 رنوں کی اننگ کھیلی۔ انہوں نے اپنی سنچری اننگ میں 12 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ یاور حسن نے 88 رن بنائے۔ کپتان پارس ڈوگرا نے 70 اور عبد الصمد نے 61 رنوں کی اننگ کھیلی۔ گیند بازی میں پہلی اننگ میں جموں و کشمیر کے لیے عاقب نبی ڈار نے 5 وکٹ لیے۔ دوسری اننگ میں چمپئن ٹیم کے لیے کامران اقبال نے 160 رنوں کی شاندار اننگ کھی لی، اس کے علاوہ ساحل لوترا نے 101 رن بنائے۔
قابل ذکر ہے کہ پہلی اننگ میں 121 رنوں کی شاندار اننگ کھلینے والے جموں و کشمیر کے بلے باز شبھم پنڈیو کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں جموں و کشمیر کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے تیز گیند باز عاقب نبی ڈار نے 60 وکٹ حاصل کیے۔ وہ اس سیزن کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند باز بنے۔ فائنل میچ کی پہلی اننگ میں بھی انہوں نے 5 بلے بازوں کو اپنا شکار بنایا۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں بھی وہ 9 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ جبکہ کوارٹر فائنل میں انہوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹ حاصل کیے تھے۔