جموں و کشمیر نے رقم کی تاریخ، پہلی بار رنجی ٹرافی کے فائنل میں بنائی جگہ
دوسری اننگ میں بنگال کی پوری ٹیم 99 رن کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی، جس میں عاقب نبی ڈار اور سنیل کمار نے 4-4 وکٹیں حاصل کیں۔ یہی وجہ ہے کہ جموں و کشمیر کو جیت کے لیے 126 رن کا معمولی ہدف ملا۔
جموں و کشمیر نے رنجی ٹرافی میں کمال کر دیا ہے۔ عاقب نبی ڈار کی شاندار کارکردگی کی بدولت جموں و کشمیر کی ٹیم رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں بنگال کو 6 وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ جموں و کشمیر کو رنجی ٹرافی کے فائنل میں پہنچانے والے پلیئر آف دی میچ عاقب نبی ڈار نے پہلی اننگ میں 5 اور دوسری اننگ میں 4 وکٹ حاصل کیے۔ پرسکون اور نظم و ضبط سے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی ٹیم نے ایک مضبوط بنگال ٹیم کے خلاف یادگار جیت حاصل کرنے لیے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا۔ یہ تاریخی کامیابی جموں و کشمیر میں کرکٹ کی ترقی اور پیش رفت میں ایک اہم موڑ کی علامت ہے۔
جموں و کشمیر نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگال نے پہلی اننگ میں 328 رنز بنائے۔ جموں و کشمیر کی جانب سے عاقب نبی ڈار نے 5 اور سنیل کمار نے 3 وکٹ حاصل کی۔ اس کے جواب میں جموں و کشمیر کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 302 رنز ہی بنا سکی اور بنگال نے 26 رنز کی اہم برتری حاصل کر لی۔ بنگال کی جانب سے محمد شامی نے 8 اور مکیش کمار نے 2 وکٹ حاصل کیں۔ اس دوران جموں و کشمیر کے لیے عاقب نبی نے 54 گیندوں پر 42 رنز کی مفید اننگ کھیلی۔
دوسری اننگ میں بنگال کی پوری ٹیم 99 رن کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی، جس میں عاقب نبی ڈار اور سنیل کمار نے 4-4 وکٹیں حاصل کیں، یہی وجہ ہے کہ جموں و کشمیر کو جیت کے لیے 126 رن کا معمولی ہدف ملا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ونشج شرما نے 43 رنوں کی بہترین اننگ کھیل کر ٹیم کو 6 وکٹ سے شاندار جیت دلائی، عبد الصمد 30 رن نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ بنگال کی جانب سے محمد شامی نے ایک اور آکاش دیپ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ رنجی ٹرافی فائنل کے لیے تاریخی کوالیفیکیشن جموں و کشمیر ٹیم کی سخت محنت، ہمت اور پورے سیزن میں مسلسل بہترین کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ عاقب نبی ڈار اس سیزن میں جموں و کشمیر کی شاندار کارکردگی کا مرکز رہے ہیں۔ انہوں نے مدھیہ پردیش کے خلاف کوارٹر فائنل کی جیت میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا، جہاں انہوں نے 110 رنز دے کر 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کی اس کارکردگی میں پہلی اننگز میں 40 رنز کے عوض 7 اور دوسری اننگز میں 70 رنز دے کر 5 وکٹیں شامل تھیں، جس کی بدولت جموں و کشمیر نے 56 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔