آئی پی ایل 2026: سانسیں روک دینے والے مقابلہ میں راجستھان نے گجرات اور دہلی نے ممبئی کو دی شکست

ایک طرف راجستھان نے گجرات کو 6 رنوں سے شکست دی، وہیں دہلی نے ممبئی پر 6 وکٹ سے فتح حاصل کی۔ راجستھان کی جیت کے ہیرو 4 وکٹ لینے والے روی بشنوئی رہے، اور دہلی کے ہیرو سمیر رضوی رہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کی فتح کے ہیرو سمیر رضوی، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/DelhiCapitals">@DelhiCapitals</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل 2026 میں آج 2 میچ کھیلے گئے اور دونوں ہی کرکٹ شیدائیوں کے لیے دلچسپ ثابت ہوئے۔ پہلا مقابلہ دہلی اور ممبئی کے درمیان کھیلا گیا جس میں دہلی کو 6 وکٹ سے فتحیابی ملی، جبکہ دوسرا مقابلہ راجستھان اور گجرات کے درمیان کھیلا گیا جو سانسیں روک دینے والا ثابت ہوا۔ اس مقابلے کو راجستھان نے 6 رنوں سے جیتا۔ دہلی کی جیت کے ہیرو 51 گیندوں پر 90 رن بنانے والے سمیر رضوی رہے، جبکہ راجستھان کی جیت کے ہیرو اسپن گیندباز روی بشنوئی رہے جو 4 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

آج کھیلے گئے دوسرے مقابلہ کی بات کریں تو کبھی راجستھان اور کبھی گجرات جیت کی طرف بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، لیکن آخر میں فتح راجستھان کے ہاتھ لگی۔ میچ جب 19ویں اوور میں پہنچا تھا تو گجرات کو جیت کے لیے 15 رنوں کی ضرورت تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم بہ آسانی جیت جائے گی۔ لیکن جوفرا آرچر کا انیسواں اور تشار دیش پانڈے کا بیسواں اوور اتنا بہترین رہا کہ پچ پر موجود راشد خان اور رباڈا ایک بھی بڑا شاٹ نہیں لگا سکے۔ آخری گیند پر گجرات کو میچ ٹائی کرنے کے لیے 6 رنوں کی ضرورت تھی اور تشار نے یہاں ایک رن بھی نہیں دیا۔


راجستھان کو آج ایک بار پھر سلامی بلے بازوں یشسوی جیسوال (36 گیندوں پر 55 رن) اور ویبھو سوریہ ونشی (18 گیندوں پر 31 رن) کی 70 رنوں کی بہترین شراکت داری سے مضبوط شروعات ملی۔ ان دونوں کے علاوہ دھرو جوریل (42 گیندوں پر 75 رن) اور شمرن ہٹمایر (8 گیندوں پر 18 رن) کی اننگ بھی بہت اہم رہی، جو کہ ٹیم کو 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 210 رن تک پہنچانے میں کامیاب ہوئی۔ گجرات کی جانب سے کگیسو رباڈا نے سب سے زیادہ 2 وکٹ لیے، لیکن انھوں نے 4 اوورس میں 42 رن خرچ کیے۔ محمد سراج، اشوک شرما، پرشدھ کرشنا اور راشد خان کو 1-1 وکٹ ملے۔

211 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے اترے گجرات کے سلامی بلے بازوں سائی سدرشن (44 گیندوں پر 73 رن) اور کمار کشاگرا (14 گیندوں پر 18 رن) نے بھی بہترین شروعات دی اور دونوں کی شراکت داری 8 اوورس میں 78 رنوں کی رہی۔ جوس بٹلر نے بھی 14 گیندوں پر 26 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر کی بات کریں تو مذکورہ بالا 3 بلے بازوں کے علاوہ مزید کسی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ گلین فلپس 3 رن، واشنگٹن سندر 4 رن، راہل تیوتیا 12 رن اور شاہ رخ خان 11 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان راشد خان (16 گیندوں پر 24 رن) اور کگیسو رباڈا (16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 23 رن) نے ٹیم کو جیت کے بہت قریب ضرور لا دیا، لیکن 6 رنوں سے شکست ہاتھ لگی۔ روی بشنوئی کو جہاں 4 وکٹ ہاتھ لگے، وہیں ناندرے برگر، تشار دیش پانڈے اور ریان پراگ کو 1-1 وکٹ ملے۔ روی بشنوئی کو ان کی بہترین گیندبازی کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔


آج کھیلے گئے پہلے مقابلہ کی بات کریں تو ممبئی نے 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 162 رن بنائے تھے، جو بہت زیادہ تو نہیں تھے لیکن مشکل پچ کو دیکھتے ہوئے ہدف حاصل کرنا آسان بھی نہیں تھا۔ ممبئی کی شروعات اچھی نہیں رہی تھی کیونکہ 18 رن پر ہی ریان ریکلٹن اور تلک ورما پویلین لوٹ گئے تھے۔ روہت شرما کی 35 رنوں اور کپتان سوریہ کمار یادو کی 51 رنوں کی اننگ ٹیم کو سنبھالا، جس نے اسکور بورڈ پر لڑنے لائق اسکور جمع کر دیا۔ نمن دھیر کی 28 رنوں اور مشیل سینٹنر کی ناٹ آؤٹ 18 رنوں کی اننگ کا بھی اس میں اہم تعاون رہا۔ کسی طرح ممبئی 20 اوورس میں 162 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ دہلی کی طرف سے مکیش کمار نے 2 وکٹ لیے، جبکہ لنگی اینگیڈی، اکشر پٹیل، وپرج نگم اور ٹی نٹراجن کو 1-1 وکٹ ملے۔

دہلی کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی، کیونکہ 7 رن کے اسکور پر ہی کے ایل راہل اور نتیش رانا آؤٹ ہو چکے تھے۔ لیکن اس کے بعد ممبئی کو وکٹ حاصل کرنے کے لیے پسینے بہانے پڑے۔ پتھم نسانکا اور سمیر رضوی نے ٹیم کا اسکور 73 رن تک پہنچا دیا، جب نسانکا 30 گیندوں پر 44 رن بنا کر سینٹنر کا شکار بنے۔ اس کے بعد ڈیوڈ ملر (18 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 21 رن) سمیر رضوی کا بہترین ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کو جیت تک لے گئے۔ سمیر رضوی نے طوفانی انداز اختیار کرتے ہوئے میچ کو ممبئی سے بہت دور کر دیا۔ سترہویں اوور کی دوسری گیند پر سمیر رضوی (53 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 91 رن) جب آؤٹ ہوئے تو میچ دہلی کی جھولی میں آ چکا تھا۔ انیسویں اوور کی پہلی گیند پر دہلی نے جیت والا رَن بنایا اور اپنی ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر پہنچا دیا، حالانکہ آج کھیلے گئے دوسرے مقابلہ میں راجستھان نے فتح حاصل کر دہلی کو دوسرے مقام پر دھکیل دیا۔ دونوں ہی ٹیموں کے 4-4 پوائنٹس ہیں، یعنی بہتر رَن ریٹ کی وجہ سے راجستھان پہلے مقام پر پہنچ گئی ہے۔


بہرحال، ممبئی کی شکست میں سمیر رضوی کا انتہائی اہم کردار رہا، جس کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ممبئی کی طرف سے دیپک چاہر، مشیل سینٹنر اور کوربن باش کو 1-1 وکٹ ملے، جبکہ ایک وکٹ رَن آؤٹ کے ذریعہ گرا۔ جسپریت بمراہ نے 4 اوورس میں محض 21 رن دیے، لیکن انھیں کوئی وکٹ ہاتھ نہیں لگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔