آئی پی ایل 2026: آر سی بی کے خلاف میدان میں اترتے ہی حیدرآباد کے نئے کپتان ایشان کشن رقم کریں گے نئی تاریخ
پیٹ کمنز کمر کی تکلیف کی وجہ سے آئی پی ایل کے ابتدائی میچوں سے باہر ہو گئے ہیں، جن کی غیر موجودگی میں ایشان کشن سن رائزرس حیدرآباد کی قیادت سنبھالیں گے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 19ویں ایڈیشن کا انتظار ختم ہو گیا ہے، دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ کا آغاز آج سے ہونے جا رہا ہے۔ پہلے میچ میں رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) اور سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے درمیان مقابلہ ہوگا، جو بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ آر سی بی کے کپتان رجت پاٹیدار کے حوصلے بلند ہوں گے، جن کی کپتانی میں ٹیم نے گزشتہ سال خطاب جیتا تھا۔ دوسری جانب ایس آر ایچ کی کمان ایشان کشن کے ہاتھوں میں ہوگی، کیونکہ ٹیم کے مستقل کپتان پیٹ کمنز انجری کی وجہ سے ابتدائی میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹ کمنز کمر کی تکلیف کی وجہ سے آئی پی ایل کے ابتدائی میچوں سے باہر ہو گئے ہیں، جن کی غیر موجودگی میں ایشان کشن سن رائزرس حیدرآباد کی قیادت سنبھالیں گے۔ ایشان نے اپنی کپتانی میں جھارکھنڈ کو سید مشتاق علی ٹرافی 26-2025 کا ٹائٹل جتایا تھا، انہوں نے بلے کے ساتھ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اسی بنیاد پر ٹی-20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنائی۔ ایشان نے ٹی-20 ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اب حیدرآباد کی ٹیم چاہے گی کہ یہ وکٹ کیپر بلے باز اپنی اس فارم کو آئی پی ایل میں بھی برقرار رکھے۔
آئی پی ایل میں ایشان کشن پہلی بار کپتانی کرنے جا رہے ہیں۔ جب وہ آج میدان پر اتریں گے تو تاریخ رقم کریں گے۔ وہ آئی پی ایل میں ایس آر ایچ کی قیادت کرنے والے سب سے کم عمر ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔ مجموعی طور پر یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کے نام ہے، جنہوں نے 2018 میں سن رائزرس حیدرآباد کے لیے کپتانی کی تھی۔ ولیمسن نے جب پہلی بار فرنچائز کی کپتانی سنبھالی تھی، تب ان کی عمر 27 سال 244 دن تھی۔
شکھر دھون، منیش پانڈے اور بھونیشور کمار وہ ہندوستانی کھلاڑی ہیں، جو سن رائزرس حیدرآباد کی قیادت کر چکے ہیں۔ ایشان کشن کی عمر اس وقت 27 سال 253 دن ہے۔ آئی پی ایل 2025 سے قبل ہونے والی ’میگا نیلامی‘ میں سن رائزرس حیدرآباد نے انہیں 11.25 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ فرنچائز نے انہیں آئی پی ایل 2026 سے پہلے ریٹین کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ رائل چیلنجرس بنگلورو بمقابلہ سن رائزرس حیدرآباد میچ آج شام 7:30 بجے شروع ہوگا اور ٹاس7 بجے ہوگا۔ یہ میچ اسٹار اسپورٹس نیٹورک پر براہ راست نشر کیا جائے گا، جبکہ جیو ہاٹ اسٹار ایپ اور ویب سائٹ پر میچ کی لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔