آئی پی ایل 2026: پھر دیکھنے کو ملا دھڑکنیں بڑھا دینے والا مقابلہ، آخری گیند پر لکھنؤ نے کولکاتا کو دی شکست

کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے 20 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 181 رن بنایا تھا۔ جواب میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے میچ کی آخری گیند پر ’بائی کا ایک رن‘ لے کر 2 وکٹ سے جیت حاصل کر لی۔

<div class="paragraphs"><p>لکھنؤ سپر جائنٹس کے کھلاڑی مکل چودھری، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/IPL">@IPL</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’آئی پی ایل 2026‘ میں کل کی طرح آج ایک بار پھر دھڑکنیں بڑھا دینے والا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ آخری گیند تک چلا۔ ایک وقت کولکاتا کے لیے جیت یقینی دکھائی دے رہی تھی، لیکن مکل چودھری نے اپنی حیرت انگیز طوفانی اننگ سے سبھی کو ششدر کر دیا۔ کولکاتا نے 20 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 181 رن بنایا تھا۔ جواب میں لکھنؤ نے میچ کی آخری گیند پر ’بائی کا ایک رن‘ لے کر 2 وکٹ سے جیت حاصل کر لی۔

آج ٹاس لکھنؤ کے کپتان رشبھ پنت نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سلامی بلے باز فن ایلن محض 9 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، لیکن کولکاتا کو اجنکیا رہانے (24 گیندوں میں 41 رن) اور انگکرش رگھووَنشی (33 گیندوں میں 45 رن) نے بہترین شروعات دلا دی۔ اس کے بعد رنوں کی رفتار تیز کرنے کی باری تھی، لیکن اننگ تھوڑی لڑکھڑا گئی۔ کیونکہ 12 رنوں کے اندر 3 وکٹ گر گئے۔ آخر میں کیمرون گرین (24 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رن) اور روومن پاویل (24 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رن) نے ٹیم کو کسی طرح 20 اوورس میں 181 رن تک پہنچایا۔ لکھنؤ کی جانب سے پرنس یادو، منی مارن سدھارتھ، دگویش راٹھی اور اویس خان کو 1-1 وکٹ ملے۔


لکھنؤ کی شروعات بہت اچھی نہیں رہی، کیونکہ ہر تھوڑے وقفہ کے بعد وکٹ گرتے رہے۔ ایڈن مارکرم 22 رن، مشیل مارش 15 رن، رشبھ پنت 10 رن، نکولس پورن 13 رن اور عبدالصمد محض 2 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آیوش بدونی ایک طرف وکٹ بچا کر کھیلتے رہے اور 34 گیندوں پر 54 رنوں کی اننگ کھیلی۔ پندرہویں اوور کی چوتھی گیند پر جب بدونی آؤٹ ہوئے تو لکھنؤ کا اسکور 6 وکٹ کے نقصان پر 125 رن ہو گیا تھا۔ 128 رن کے اسکور پر محمد شامی (1 رن) کی شکل میں ساتواں وکٹ بھی آؤٹ ہو گیا۔ اس وقت کولکاتا کی جیت یقینی نظر آ رہی تھی، کیونکہ 24 گیندوں پر 53 رنوں کی ضرورت تھی۔ یہاں پر مکل چودھری نامی طوفان آیا، جس نے سب کچھ تہس نہس کر کے رکھ دیا۔ اس 21 سالہ کھلاڑی نے محض 27 گیندوں پر 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 54 رنوں کی یادگار اننگ کھیلی۔ دوسری طرف اویس خان 3 گیندوں پر 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مکل چودھری نے بہت سمجھداری کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اسٹرائیک اپنے پاس رکھا اور تیزی سے رن بھی بٹورے۔

کولکاتا کی طرف سے سنیل نرائن نے قابل تعریف گیندبازی کرتے ہوئے 4 اوورس میں محض 13 رن دے کر 1 وکٹ لیا۔ باقی گیندباز کافی خرچیلے ثابت ہوئے۔ حالانکہ ویبھو اروڑا اور انوکول رائے 2-2 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ 1-1 وکٹ کارتک تیاگی اور کیمرون گرین کے حصے میں بھی آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔