’پارٹی پٹھان کے گھر پر رکھو گے تو...‘، شاہ رخ خان کے ڈائیلاگ سے ہوا ’آئی پی ایل 2025‘ کا رنگارنگ آغاز
آئی پی ایل 2025 کی افتتاحی تقریب میں شاہ رخ خان کے علاوہ گلوکارہ شریا گھوشال اور جواں سال اداکارہ دشا پاٹنی کے پرفارمنس نے شائقین کا دل جیت لیا۔
آئی پی ایل 2025 کی افتتاحی تقریب کا منظر، ویڈیو گریب
’آئی پی ایل 2025‘ کا آج رنگارنگ آغاز ہو گیا اور افتتاحی تقریب میں سب سے پہلے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنی فلم ’پٹھان‘ کا ڈائیلاگ بول کر ایڈن گارڈنس میں موجود سبھی شائقین کا دل جیت لیا۔ آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب کے لیے شاہ رخ جب اسٹیج پر پہنچے تو کہا کہ ’’پارٹی پٹھان کے گھر پر رکھو گے، تو مہمان نوازی کے لیے پٹھان تو آئے گا، اور پٹاخے بھی لائے گا۔‘‘ شاہ رخ کا یہ ڈائیلاگ سن کر سبھی جوش میں چیختے نظر آئے۔
آئی پی ایل 2025 کی اس افتتاحی تقریب میں شاہ رخ خان کی موجودگی اس لیے بھی اہم ہے، کیونکہ افتتاحی میچ ان کی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور رائل چیلنجرس بنگلورو کے درمیان کچھ ہی دیر میں شروع ہونے والی ہے۔ اسٹیج پر شاہ رخ خان کی مختصر موجودگی کے بعد مشہور و معروف گلوکارہ شریا گھوشال نے اپنی بہترین آواز میں کچھ مشہور گانے پیش کیے۔ ان کا ساتھ ایڈن گارڈنس میں موجود شائقین بھی دیتے نظر آئے۔ شریا گھوشال نے سپرہٹ فلم ’بھول بھلیا‘ کے گانا ’مرے ڈھولنا‘ سے پرفارمنس کی شروعات کی، اور پھر ’آمی جے تومار‘، ’نگاڑا سنگ ڈھول‘ گاتے ہوئے اے آر رحمن کے مشہور گانا ’وندے ماترم‘ کے ساتھ پرفارمنس ختم کیا۔
شریا گھوشال کے بعد جواں سال بالی ووڈ اداکارہ دشا پاٹنی اسٹیج پر پہنچی اور اپنے رقص سے ایک سماں باندھ دیا۔ کچھ دیر تک انھوں نے رقص پیش کیا اور پھر مشہور پنجابی گلوکار کرن اوجلا نے اپنے مشہور گانے سے لوگوں کی تفریح کی۔ انھوں نے ’حسن تیرا توبہ‘ گانا پیش کیا جو کہ مشہور اداکار وکی کوشل پر فلمایا گیا تھا۔
افتتاحی تقریب میں مختلف مشہور ہستیوں کے پرفارمنس کے بعد شاہ رخ خان ایک بار پھر اسٹیج پر پہنچے اور انھوں نے سب سے پہلے وراٹ کوہلی کو اسٹیج پر بلایا جو لگاتار 18ویں سال آر سی بی کے لیے کھیل رہے ہیں۔ ساتھ ہی شاہ رخ نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس ٹیم کے اہم رکن رنکو سنگھ کو بھی اسٹیج پر مدعو کیا۔ رنکو سنگھ سے شاہ رخ نے اپنے کسی گانے پر رقص کرنے کی گزارش کی۔ ان کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے رنکو سنگھ نے فلم ’ڈنکی‘ کے مشہور گانا ’میں لٹ پٹ گیا‘ پر رقص کیا اور شاہ رخ نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ بعد میں شاہ رخ نے وراٹ کوہلی کے ساتھ ’جھومے جو پٹھان‘ گانے پر بھی رقص کیا، جو دیکھنے لائق تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔