آئی پی ایل 2023: چنئی اور لکھنؤ کے درمیان رنوں کی خوب ہوئی بارش، دلچسپ مقابلہ میں چنئی فتحیاب
چنئی نے مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 217 رن بنائے تھے، جواب میں لکھنؤ کی ٹیم 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر محض 205 رن بنا سکی اور 12 رن سے ہار گئی۔

چنئی کے چیپک اسٹیڈیم میں آج آئی پی ایل 2023 کا چھٹا میچ چنئی سپر کنگز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان کھیلا گیا جس میں رنوں کی خوب بارش دیکھنے کو ملی۔ دونوں ٹیموں کی طرف سے مجموعی طور پر 422 رن بنائے گئے، اور اس میچ کو چنئی نے 12 رنوں سے جیتا۔ چنئی نے مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 217 رن بنائے تھے، جواب میں لکھنؤ کی ٹیم 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر محض 205 رن بنا سکی اور 12 رن سے ہار گئی۔ ایک طرح سے دیکھا جائے تو میچ میں بلے بازوں کا بول بالا رہا، لیکن اسپن گیندبازوں نے کافی حد تک کھیل کو کنٹرول کیا۔ لکھنؤ کی طرف سے روی بشنوئی نے کمال کی گیندبازی کی اور چنئی کی طرف سے معین علی و مشیل سینٹنر نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
آج لکھنؤ کے کپتان کے ایل راہل نے ٹاس جیتا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوتا ہوا دکھائی دیا جب چنئی کے دونوں ہی سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڈ اور ڈیوون کانوے نے تیزی کے ساتھ بلے بازی کی اور پہلے پاور پلے میں بغیر کسی نقصان کے 79 رن بنا لیے تھے۔ چنئی کا پہلا وکٹ دسویں اوور کی پہلی گیند پر ریتوراج کی شکل میں گرا جب ان کا انفرادی اسکور 57 رن (31 گیندوں پر) اور ٹیم کا اسکور 110 رن تھا۔ اس کے بعد وکٹ لگاتار وقفہ پر گرتے رہے، لیکن رن بھی تیزی کے ساتھ بنتے رہے۔ کانوے نے 47 رن (29 گیندوں پر)، شیوم دوبے نے 27 رن (16 گیندوں پر)، معین علی نے 19 رن (13 گیندوں پر)، بین اسٹوکس نے 8 رن (8 گیندوں پر)، رویندر جڈیجہ نے 3 رن (6 گیندوں پر) اور کپتان دھونی نے 12 رن (3 گیندوں پر) بنائے۔ امباتی رائیڈو 14 گیندوں پر 27 رن بنا کر اور مشیل سینٹنر 1 گیند پر 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے۔ اس طرح مقررہ 20 اوور میں چنئی نے 217 رنوں کا اسکور کھڑا کر دیا۔
لکھنؤ کی طرف سے روی بشنوئی سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 4 اوور میں 28 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔ 3 وکٹ مارک ووڈ کو بھی ملے، لیکن انھوں نے 4 اوور میں 36 رن خرچ کیے۔ 1 وکٹ اویس خان کے حصے میں گیا جنھوں نے 3 اوور میں 39 رن دیے۔ لکھنؤ نے 7 گیندوں کا استعمال کیا لیکن بشنوئی کے علاوہ کوئی بھی گیندباز رن کی رفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
218 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے جب لکھنؤ کے سلامی بلے باز کائل میئرس اور راہل اترے، تو انھوں نے بھی تیز شروعات دی۔ 5.3 اوور میں جب میئرس کی شکل میں لکھنؤ کا پہلا وٹ گرا تو 79 رن بن چکے تھے۔ لیکن اس بعد مزید 2 وکٹ 82 کے اسکور پر گر گئے جس سے لکھنؤ کی ٹیم مشکل میں آ گئی۔ حالانکہ جو بھی بلے باز آئے، انھوں نے تیز رفتاری سے رن بنانے کی کوشش جاری رکھی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ 13.2 اوور میں جب لکھنؤ کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی تو ساتھ میں 130 رن بھی بن چکے تھے۔ اس وقت تک ہوڈا (2 رن)، کپتان راہل (20 رن)، کرونال پانڈیا (9 رن)، مارکس اسٹوئنس (21 رن) آؤٹ ہو چکے تھے۔ بعد ازاں نکولس پورن نے 18 گیندوں پر 32 رن اور کرشنپا گوتم 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 17 رن بنا کر جیت کی کچھ امیدیں زندہ رکھیں، لیکن یہ کافی ثابت نہیں ہوا۔ آیوش بدونی نے بھی 18 گیندوں پر 23 رن اور مارک ووڈ نے 3 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 10 رنوں کا تعاون پیش کیا۔ مقررہ 20 اوور میں لکھنؤ 7 وکٹ کے نقصان پر 205 رن ہی بنا سکی اور 12 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
چنئی کی طرف سے گیندبازی میں معین علی ہیرو ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں محض 26 رن دے کر 4 اہم وکٹ لیے۔ انھوں نے کائل میئرس، کے ایل راہل، کرونال پانڈیا اور مارکس اسٹوئنس کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ تشار پانڈے نے 2 وکٹ لیے لیکن انھوں نے 4 اوور میں 45 رن خرچ کر ڈالے۔ 1 وکٹ مشیل سینٹنر کو ملا جنھوں نے 4 اوور میں بہت کفایت کے ساتھ 21 رن دیے۔ دیپک چاہر انتہائی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 55 رن دیے۔ باقی گیندبازوں نے بھی خوب رن لٹائے، لیکن چنئی کے بلے بازوں نے جو رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، وہ جیت کے لیے کافی ثابت ہوا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
