آئی پی ایل کے بعد ٹی-20 سیریز کھیلنے آئرلینڈ جائے گی ہندوستانی ٹیم
آئرلینڈ کے خلاف ٹی-20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کی جیت کا ریکارڈ 100 فیصد رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 8 ٹی-20 مقابلے کھیلے جا چکے ہیں، جن میں ہندوستانی ٹیم نے ہی کامیابی حاصل کی ہے۔

آئی پی ایل 2026 کی تیاریاں جاری ہیں، جس کا آغاز 28 مارچ سے ہونے جا رہا ہے۔ لیگ کا پہلا مقابلہ رائل چیلنجرس بنگلورو اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل ہفتے کے روز بی سی سی آئی نے آئرلینڈ کے خلاف 2 میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ سوریا کمار یادو کی کپتانی میں ہندوستانی مردوں کی ٹیم آئرلینڈ دورہ پر جائے گی، جہاں دونوں میچ بلفاسٹ میں کھیلے جائیں گے۔
آئرلینڈ دورہ پر ہندوستانی ٹیم پہلا میچ 26 جون 2026 کو بلفاسٹ میں کھیلے گی۔ یہ مقابلہ ہندوستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔ ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا میچ 28 جون کو کھیلا جائے گا۔ یہ میچ بھی بلفاسٹ کے سول سروس کرکٹ کلب میں منعقد ہوگا۔ اس گراؤنڈ پر ٹیم انڈیا کا یہ پہلا ٹی-20 میچ ہوگا، جبکہ یہاں ہندوستانی ٹیم نے آخری وَنڈے میچ سال 2007 میں کھیلا تھا۔
آئرلینڈ کے خلاف 28 جون کو آخری ٹی-20 کھیلنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ روانہ ہو جائے گی، جہاں یکم جولائی سے 5 میچوں کی ٹی 20 سیریز شروع ہوگی۔ ٹی-20 سیریز کا آخری مقابلہ 11 جولائی کو دی ایجیس باؤل میں کھیلا جائے گا۔ یعنی ہندوستانی ٹیم محض 13 دنوں میں 7 ٹی-20 انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ٹی-20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کی جیت کا ریکارڈ 100 فیصد رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 8 ٹی-20 مقابلے کھیلے جا چکے ہیں، جن میں ہندوستانی ٹیم نے ہی کامیابی حاصل کی ہے اور آئرلینڈ کی ٹیم کبھی نہیں جیت پائی ہے۔ ان مقابلوں میں سے 6 میچ آئرلینڈ ہی میں کھیلے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے حال ہی میں اپنا تیسرا ٹی-20 ورلڈ کپ خطاب جیتا ہے، احمد آباد میں کھیلے گئے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر مسلسل دوسرا ٹی-20 ورلڈ کپ جیتا۔ سوریا کمار یادو کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے تاریخ رقم کی، اس کے ساتھ ہی ہندوستان پہلا ملک بن گیا ہے جس نے اپنے گھر پر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ، مسلسل 2 ٹی-20 ورلڈ کپ جیتنے والی بھی ہندوستان پہلی ٹیم بن گئی ہے۔