عبدالقادر کے انتقال پر ہندوستانی کھلاڑیوں کا اظہار تعزیت

سابق ٹسٹ کرکٹر اور لیگ اسپن بالنگ میں استاد کا درجہ رکھنے والے عبدالقادر کے انتقال پر ہندوستان سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لاہور: سابق ٹسٹ کرکٹر اور لیگ اسپن بالنگ میں استاد کا درجہ رکھنے والے عبدالقادر کے انتقال پر ہندوستان سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اسپن بالنگ کے جادوگر، گگلی کے موجد سابق ٹسٹ کرکٹر عبدالقادر 63سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کے سبب انتقال کر گئے، ان کی موت کی خبر سن کر جہاں پاکستان بھر کے کھلاڑی، سماجی و سیاسی شخصیات اور عوام گہرے دکھ میں ہیں وہیں غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق ہندوستانی کھلاڑی بشن سنگھ بیدی نے عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ ’عبدالقادر اب اس دنیا میں نہیں ہیں، کرکٹ کی دنیا میں ان کی اسپن خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ آپ نے پاکستان میں جو دیگر خدمات انجام دیں وہ بھی یاد رہیں گی۔


انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ رحم کرے، عبدالقادر کے گھر والوں کو وہ دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن تندوولکر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عبدالقادر کی کھیلتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ ’’انہیں وہ وقت یاد ہے جب انہوں نےعبدلقادر کے خلاف کھیلا تھا، وہ اپنے وقت کے بہترین اسپنرز میں سے ایک تھے۔ ان کے اہل خانہ کو میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔‘‘

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور کھلاڑی انل کمبلے نے اپنے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں عبدالقادر کے اچانک انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا، عبدالقادر ایک بہترین لیگ اسپنر تھے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سنجے سبرامنین نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ انہوں نے عبدالقادر کے ساتھ ایک لمبا عرصہ گزارا۔ وہ لاجواب بالر اور ایک بہترین لیگ اسپنر تھے۔


ہندوستان سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔پاکستان نژاد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں اپنے گرو اور سرپرست عبدالقادر صاحب کے انتقال کا سن کر انتہائی دکھ ہوا۔ وہ ایک ایسے شخص تھے جو ہمیشہ نہ صرف کرکٹ بلکہ زندگی کے ہر موڑ پر میری رہنمائی کرتے تھے۔ عمران طاہر نے مزید لکھا کہ وہ بہت سے لوگوں کےلیے باپ کی مانند تھے ، ان کے حسن سلوک کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ اللہ انہیں جنت میں جگہ دے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی فلپ ڈیفریٹس نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر لکھا کہ انہیں یہ سن کر بہت دکھ ہوا ہے کہ ایک بہترین لیگ اسپنر عبد القادر کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ عبدالقادر کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔