ٹیم انڈیا بنی ایشیا کی نئی چیمپئن، سراج نے فائنل میں تباہی مچادی

سری لنکا کی تمام 10 وکٹیں ہندوستان کے تیز گیند بازوں نے حاصل کیں۔ ایشیا کپ کی تاریخ میں ایسا دوسری بار ہوا ہے جب فاسٹ بولرز نے تمام 10 وکٹیں حاصل کی ہوں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس&nbsp;</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

2023 کے ایشیا کپ کے فائنل میں ٹیم انڈیا نے سری لنکا کو آسانی سے شکست دے کر  چیمپینشپ  اپنے نام کر لی ہے ۔ ہندوستان نے ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کی ہے۔ فائنل میچ میں سری لنکن ٹیم صرف 50 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے آسانی سے یہ  ہدف 6.1 اوور میں حاصل کرلیا۔

سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے فائنل میچ میں ٹیم انڈیا کو صرف 51 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے یہ معمولی ہدف صرف 37 گیندوں میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کر لیا۔ شوبھمن گل 19 گیندوں میں 27 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست واپس لوٹے اور ایشان کشن 18 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست واپس لوٹے۔ گل نے 6 چوکے لگائے جبکہ ایشان نے تین چوکے لگائے۔


اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی سری لنکن ٹیم صرف 15.2 اوورز میں 50 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ بھارت کے خلاف کسی بھی مخالف ٹیم کا سب سے کم اسکور تھا ۔ بھارت کی جانب سے محمد سراج نے سب سے زیادہ 6 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارتی فاسٹ بولرز کی جان لیوا بولنگ کے سامنے سری لنکا کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ صرف کوسل مینڈس 17 اور دوشن ہیمانتھا 13 ہی دوہرے ہندسے کو چھو سکے۔ جبکہ پاتھم نسانکا 02، کوسل پریرا 00، سدیرا سماراویکرما 00، چارتھ اسالنکا 00، دھننجے ڈی سلوا 04، داسن شاناکا 00، دونیت ویللاگے 08 اور پرمود مدھوشن 01 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔


فائنل میچ میں سری لنکن بلے باز سراج کے سامنے بے بس نظر آئے۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ سری لنکا کی تمام 10 وکٹیں ہندوستان کے تیز گیند بازوں نے حاصل کیں۔ ایشیا کپ کی تاریخ میں ایسا دوسری بار ہوا ہے جب فاسٹ بولرز نے تمام 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ بھارت کی جانب سے محمد سراج نے 6، ہاردک پانڈیا نے 3 اور جسپریت بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے خلاف اس فائنل میچ میں ہندوستانی ٹیم نے اپنی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں باقی گیندوں کے لحاظ سے سب سے بڑی جیت درج کی ہے۔ ٹیم انڈیا نے یہ میچ 263 گیندوں کے بعد جیت لیا۔ اس سے قبل سال 2001 میں ہندوستانی ٹیم نے سب سے زیادہ گیندیں رہ کر ون ڈے جیتا تھا۔ کینیا کے خلاف بلوم فونٹین گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ٹیم نے 231 گیندوں سے میچ جیت لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔