جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی سب سے بڑی جیت

ہندوستان نے نہ صرف جنوبی افریقہ کو شکست دی بلکہ یہ ہندوستان کی سب سے بڑی جیت ثابت ہوئی ۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اویس خان کی شاندار گیندبازی کی مدد سے ہندوستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کے خلاف 82 رن کی شاندار جیت درج کرائی۔ یہ رنوں کے لحاظ سے جنوبی افریقہ پر ہندوستان کی سب سے بڑی جیت ہے۔ واضح رہے 170 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی اننگز کبھی بھی فارم میں نظر نہیں آئی۔

تیسرے اوور میں کپتان ٹیمبا باوما کے ریٹائر ہرٹ ہونے کے بعد ٹیم وقفے وقفے سے وکٹ گنواتی رہی۔ پروٹیازکے لئے راسی وین ڈیر ڈوسن نے سب سے زیادہ 20 رن بنائے۔ اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے 14 اور مارکو جانسن نے 12 رن بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی افریقی بلے باز 10 رن بھی نہ بنا سکا اور پوری ٹیم 87 رن کے مختصر اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔


ہندوستان کی طرف سے اویس خان نے چار اووروں میں 18 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے جبکہ یوزی چہل نے چار اووروں میں 21 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ ہرشل پٹیل اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

ہندوستان کے 169 رنوں کے جواب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہ رہی۔ اننگز کے تیسرے اوور میں بھونیشور کمار کی گیند اوپنر اور کپتان ٹیمبا باوما کے کندھے پر لگی جس کے بعد وہ چوتھے اوور میں ریٹائر ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ پروٹیاز کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب ہرشل پٹیل نے پانچویں اوور میں اوپنر کوئنٹن ڈی کاک کو رن آؤٹ کیا۔ 13 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 14 رن بنانے والے ڈی کاک کے آؤٹ ہونے کے بعد افریقہ کی 24 رنوں پر دو وکٹ گر گئے۔


اس کے بعد افریقہ کے وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ٹیم کے سات بلے باز 10 رن سے کم کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے جس میں دو بلے باز صفر پر بھی پویلین لوٹے۔ جنوبی افریقہ نے 14 رن کے اندر اپنے آخری پانچ وکٹ گنوا دیئے۔

دوسری جانب ہندوستانی گیند باز میچ پر مکمل طور پر حاوی رہے۔ ہاردک پانڈیا ( ایک اوور، 12 رن) کے علاوہ تمام گیند بازوں کی اکونومی چھ رن فی اوور سے نیچے رہی۔ اویس خان نے چار اوور میں 18 رن دے کر چار وکٹ لے کر ہندوستانی گیند بازوں کی قیادت کی۔ یوزی چہل نے چار اوور میں 21 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے جبکہ اکشر پٹیل نے 3.5 اوور میں 19 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہرشل پٹیل نے اپنے دو اووروں میں محض تین رن دے کر ڈیوڈ ملر کا قیمتی وکٹ حاصل کیا۔ بھونیشور کمار نے ہمیشہ کی طرح کفایتی بالنگ کی، دو اووروں میں آٹھ رن دیے، حالانکہ انہیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔


اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی اور سیریز کا اپنا پہلا میچ کھیل رہے لونگی نگیڈی نے سلامی بلے باز رتوراج گائیکواڑ (5) کو دوسرے ہی اوور میں آؤٹ کردیا۔ مارکو جانسن نے تیسرے اوور میں شریاس ائیر (4) کو آؤٹ کیا اور ہندوستان نے 24 رنوں پر ہی دو وکٹ گنوا دیئے۔

وکٹ جلدی گرنے کے سبب ہندوستان کی شروعات سست رہی اور ٹیم پاور پلے میں صرف 40 رن ہی بنا سکی۔ پاور پلے ختم ہوتے ہی اوپنر ایشان کشن بھی 25 گیندوں پر 27 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ اپنی اننگ میں ایشان نے تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔


کپتان رشبھ پنت (17) اور نائب کپتان ہاردک پانڈیا (46) کے درمیان 41 رنوں کی شراکت ہوئی، لیکن پنت اننگ کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ پنت نے 17 رن بنانے کے لئے 21 گیندیں لیں اور صرف دو چوکے لگائے۔

تیرہ اوورز کے اختتام پر ہندوستان صرف 81 رنز پر چار وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں تھا لیکن کارتک نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ کارتک نے صرف 27 گیندوں پر نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ پانڈیا نے کارتک کا ساتھ دیتے ہوئے 31 گیندوں میں 46 رنز بنائے۔ اپنی ذمہ دارانہ اننگ میں پانڈیا نے تین چھکے اور تین چوکے لگائے۔


ہندوستان نے آخری پانچ اووروں میں 73 رن جوڑے اور چھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نگیڈی نے تین اوورز میں 20 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ مارکو جانسن، ڈوین پریٹوریس، اینرک نورتجے اور کیشو مہاراج کے نام ایک ایک وکٹ رہا۔

82 رن کی اس زبردست جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز 2-2 سے برابر کر لی۔ سیریز کا پانچواں میچ بنگلورو میں ہوگا جس میں فاتح ٹیم سیریز میں فاتح ہو گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔