عالمی کپ: ہندوستان کو ہراکر انگلینڈ نے امیدیں برقرار رکھیں، روہت کی سنچری رائیگاں

انگلینڈ نے ہندوستان کے آئی سی سی عالمی کپ میں جیتنے کے سلسلے کو اتوار کے دن 31 رنوں کی جیت کے ساتھ روک دیا اور اس نے سیمی فائنل میں کھیلنے کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

برمنگھم: اوپنر جانی بیئرسٹو (111) کی طوفانی سنچری اور بین اسٹوکس (79) اور جیسن رائے (66) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے ہندوستان کے آئی سی سی عالمی کپ میں جیت کے سلسلے کو اتوار کے دن 31 رنوں کی جیت کے ساتھ روک دیا اور اس نے سیمی فائنل میں کھیلنے کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔

انگلینڈ نے 50 اوووں میں سات وکٹ پر 337 رنوں کا زبردست اسکور کھڑا کیا اور ہندوستان کو 50 اووروں میں پانچ وکٹ پر 306 رن پر روک کرٹورنامنٹ میں آٹھ میچوں میں اپنی پانچویں جیت حاصل کی۔ انگلینڈ کے اب 10 پوائنٹ ہیں لیکن سیمی فائنل کے لئے اسے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا آخری لیگ میچ جیتنا ہوگا۔


ہندوستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں سات میچوں میں اپنی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے بعد ہندوستان کے 11 پوائنٹ ہیں۔ لیکن سیمی فائنل کے لئے اسے اپنے آخری دو میچوں میں سے ایک میچ جیتنا ہوگا۔ ہندوستان کی اننگ میں روہت شرما (102) کی شاندار سنچری اور کپتان وراٹ کوہلی (66) نے نصف سنچری بنائی لیکن بڑے ہدف کے دباؤ میں ہندوستان پچھڑتا چلا گیا اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے خراب اور دھیمی شروعات کی۔ اوپنر لوکیش راہل 9 گیندوں میں کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ راہل نے کرس ووکس کو رٹرن کیچ تھمایا۔ پہلا وکٹ جلدی گرنے کے بعد اوپنر روہت اور کپتان وراٹ کوہلی نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور 10 اووروں تک ہندوستان کا اسکور محض 28 رن تھا لیکن اس کے بعد دونوں بلے بازوں نے رنوں میں اضافہ کرنا شروع کیا۔


روہت اور وراٹ نے دوسرے وکٹ کے لئے 138 رن کی اہم ساجھیداری نبھائی۔ وراٹ نے اس عالمی کپ میں مسلسل پانچویں نصف سنچریاں بنائیں اور اسٹیون اسمتھ کے ایک عالمی کپ میں مسلسل پانچ نصف سنچریوں کے ریکارڈ کی برابری کی۔
ایسا لگ رہا تھا کہ وراٹ اس مرتبہ سنچری بنائیں گے لیکن وہ ولیم پلنکیٹ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ وراٹ کا وکٹ 146 رن کے اسکور پر گرا۔

روہت نے اس عالمی کپ میں اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کا اپنی تیسری سنچری مکمل کی اور 2003 میں سورو گنگولی کے ایک ٹورنامنٹ میں تین سنچری بنانے کے ہندوستانی ریکارڈ کی برابری کی۔ وہ ایک عالمی کپ میں تین سنچری بنانے والے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔


روہت نے اپنی 25ویں سنچری بنائی لیکن سنچری مکمل کرنے کے بعد وہ کرس ووکس کی گیند پر جوس بٹلر کے ہاتھوں لپکے گئے۔ روہت کا وکٹ 198 کے اسکور پر گرا۔ اس عالمی کپ میں پہلی بار کھیل رہے نوجوان بلے بازریشبھ پنت نے تیزی سے بلے بازی کی لیکن 29 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 32 رن بنانے کے بعد وہ پلنکیٹ کے دوسرے کا شکار ہوگئے۔ ہاردک پانڈیا نے شاندار بلے بازی کی لیکن وہ بھی فیصلہ کن موقع پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ پانڈیا کو بھی پلنکیٹ نے آؤٹ کیا۔ پانڈیا نے 33 گیندوں پر 45 رن میں چار چوکے لگائے۔

مہندر سنگھ دھونی کیریز پر تھے لیکن وہ بھی تیزی سے رن نہیں بناپارہے تھے۔ کیدر جادوھوسے بڑے شاٹ نہیں لگ پارہے تھے اور ہدف مسلسل بڑا ہوتا جارہا تھا۔ آخری میں ہندوستان کو 31 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دھونی نے 31 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 42 رن بنائے۔ کیدار نے ناٹ آؤٹ 12 رن بنائے۔ انگلینڈ کے لئے پلنکیٹ نے تین اور ووکس نے دو وکٹ لئے۔


اس سے پہلے سلامی بلے باز جانی بیرسٹو (111) کے طوفانی سنچری اور بین اسٹوکس (79) اور جیسن رائے (66) کے شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ میچ میں ہندستان کے خلاف اتوار کو 50 اوور میں سات وکٹ پر 337 رن کا بڑا اسکور بنا لیا ہے ۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے اوپنروں رائے اور بیرسٹو نے پہلے وکٹ کے لئے صرف 22.1 اوور میں 160 رن کی زبردست شراکت کر کے اس فیصلے کو درست ثابت کر دیا۔

بیرسٹو نے 109 گیندوں پر 10 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 111 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ رائے نے 57 گیندوں پر 66 رن میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اسٹوکس نے 54 گیندوں پر 79 رنز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ہندوستانی گیند بازوں میں سب سے زیادہ متاثر کن فاسٹ بولر محمد سمیع رہے جنہوں نے اپنی بہترین ون ڈے بولنگ کرتے ہوئے 10 اوور میں 69 رن پر پانچ وکٹ لئے۔ سمیع کے کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے ایک میچ میں پانچ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ سمیع اس سے پہلے کے دو میچوں میں چار چار وکٹ لے چکے تھے اور اس ورلڈ کپ میں تین میچوں میں ہی ان وکٹوں کی تعداد 13 تک پہنچ چکی ہے۔


جسپريت بمراه نے 10 اوور میں کفایت کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے 44 رن پر ایک وکٹ لیا۔ ہندستان کے دونوں اسپنر آج مہنگے ثابت ہوئے۔ لیگ اسپنر يجویندر چہل 10 اوور میں 88 رن لٹاكر کوئی وکٹ نہیں لے پائے جبکہ چائنامین بولر کلدیپ یادو نے 10 اوور میں 72 رن پر ایک وکٹ لیا۔ آل راؤنڈر ہردک پانڈیا نے 10 اوور میں 60 رنز دیے۔ انگلینڈ کی طرف سے جو روٹ نے 54 گیندوں پر 44 رن میں دو چوکے لگائے۔ جوس بٹلر آٹھ گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان مورگن ایک اور کرس ووکس سات رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رائے اور بیرسٹو کے درمیان پہلے وکٹ کے لئے 160 رن کی شراکت ہوئی جس کے بعد بیرسٹو نے روٹ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 45 رن جوڑے۔ بیرسٹو نے اسٹوکس کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 70 رن کی ساجھےداری کی۔ بڑی اوپننگ شراکت نے انگلینڈ کے لئے بہت بڑے اسکور کی بنیاد تیار کر لی تھی لیکن ہندوستانی گیند بازوں خاص طور پر سمیع اور بمراه نے شاندار واپسی کرتے ہوئے انگلینڈ کو 350 تک نہیں پہنچنے دیا۔


سمیع نے بيرسٹو، روٹ، مورگن، بٹلر اور ووکس کے وکٹ لئے۔ سمیع کی اس سے پہلے ون ڈے میں بہترین کارکردگی 16 رن پر چار وکٹ تھی جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ میچ میں کی تھی۔ لیکن ہندوستانی اسپنروں کی انگلش بلے بازوں کو نہ روک پانے میں ناکامی نے انگلینڈ کو بڑے اسکور تک پہنچنے کا موقع دے دیا۔ انگلینڈ نے آخری 10 اوورز میں 92 رن بنائے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jul 2019, 8:10 AM